0
Wednesday 9 Mar 2011 00:29

شیعہ سنی فسادات کروانے والے اب مسلم اقلیت فسادات کرانا چاہتے ہیں مگر وہ پہلے کی طرح اب بھی ناکام ہوں گے، لیاقت بلوچ

شیعہ سنی فسادات کروانے والے اب مسلم اقلیت فسادات کرانا چاہتے ہیں مگر وہ پہلے کی طرح اب بھی ناکام ہوں گے، لیاقت بلوچ
کراچی:اسلام ٹائمز۔جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ قوم ظلم و جبر، کرپشن اور ناانصافی کے نظام سے تنگ آچکی ہے، عوام بیدار ہیں اور تبدیلی چاہتے ہیں۔ رابطہ عوام مہم پاکستان میں اسلامی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہو گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی ضلع شرقی کے اجتماع کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع کارکنان سے امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی اور امیر ضلع شرقی اسامہ بن رضی نے بھی خطاب کیا۔ لیاقت بلوچ نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام میں موجودہ قیادت سے بیزاری عروج پر پہنچ چکی ہے، قومی سرمایہ لوٹنے والوں سے لوگ نجات چاہتے ہیں، کرپشن بدعنوانی کی وجہ سے نفرت انتہا کو پہنچ چکی ہے، اس وقت ملک کو خطرات سے اور عوام کو مشکلات سے نکالنا ہے، انہوں نے کہا کہ قوم غربت، بیروزگاری اور مہنگائی کے ہاتھوں مر رہی ہے اور حکمرانوں نے آسان رستہ تلاش کر لیا ہے کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک اور امریکہ سے شرمناک شرائط پر قرضے اور امداد لے رہے ہیں، انہوں نے کہاکہ پاکستان کے 87 فیصد عوام امریکی غلامی اختیار کرنے کے لئے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز بھٹی کے المناک قتل پر ہم مسیحی برادری کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اس قتل کو قانون توہین رسالت سے جوڑنا بدنیتی ہے۔ شیعہ سنی فسادات کروانے والے اب مسلم اقلیت فسادات کرانا چاہتے ہیں مگر وہ پہلے کی طرح اب بھی ناکام ہوں گے ۔
محمدحسین محنتی نے کہا کہ انقلاب نعروں اور اجتماعات سے نہیں آتا، اس کیلئے سخت مشقت کرنی پڑتی ہے۔ اللہ کی بغاوت پر مبنی نظام کو اکھاڑ پھینکنا ہو گا، منفی محرکات بہت تیزی سے کام کر رہے ہیں، اسکے مقابلے میں اگر ہماری کوششیں کم ہوں تو ہم مغلوب ہو جائیں گے۔ اسامہ رضی نے کہا کہ جماعت اسلامی سو فیصد اسلام اور اسلامی انقلاب و اسلامی نظام کے نفاذ کے علاوہ کسی اور چیز پر مفاہمت نہیں کر سکتی۔ حالات انقلاب کی طرف بڑھ رہے ہیں، انقلابی حالات کیساتھ انقلابی لوگ ہی پیش رفت کر سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ رابطہ عوام مہم انشاءاللہ مملکت خدادا کو اسلامی انقلاب سے ہمکنار کرنے کا پیش خیمہ ثابت ہو گی۔
خبر کا کوڈ : 58342
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش