0
Monday 14 Nov 2016 16:39

ایل او سی پر فائرنگ، 7 فوجی جوان شہید، بھارتی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، پاکستان کا شدید احتجاج

ایل او سی پر فائرنگ، 7 فوجی جوان شہید، بھارتی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، پاکستان کا شدید احتجاج
اسلام ٹائمز۔ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 7 جوان شہید ہوگئے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق رات کے آخری پہر میں بھارتی فوج نے ایل او سی کے بھمبر سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ شروع کیا، جس کے نتیجے میں 7 فوجی اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور بھارت کی متعدد چیک پوسٹوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے بھارت کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کی۔ اپنے ٹوئٹر پیغام میں نفیس زکریا نے کہا کہ ہم بھمبر سیکٹر میں بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 7 جوان شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج منہ توڑ جواب دے رہی ہے اور ہم ملک کی حفاظت میں جان کا نذرانہ دینے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

ادھر لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فائرنگ کے نتیجے میں 7 فوجیوں کی ہلاکت کے بعد پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبا والا کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا، ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ہندوستانی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ بھی دیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی بند کرے، پاکستان کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا حق رکھتا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کنٹرول لائن پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت نوشتہ دیوار پڑھنے سے قاصر ہے، مقبوضہ کشمیر میں نئی جدوجہد مقامی تحریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑے گئے، بھارت کا مقصد کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں وطن کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں، بھارتی فورسز کی ایل او سی پر مسلسل اشتعال انگیزی تشویشناک ہے۔
خبر کا کوڈ : 583813
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش