QR CodeQR Code

ٹرمپ مسئلہ کشمیر حل کراتے ہیں تو نوبل انعام کے حقدار ٹھہریں گے، سرتاج عزیز

16 Nov 2016 03:35

اسلام ٹائمز: صدارتی انتخاب کی مہم کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت اور پاکستان کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ امریکہ کے صدر منتخب ہو گئے تو وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالث کا کردار ادا کرنا چاہیں گے، کیونکہ تنازعات کی وجہ سے خطے میں کشیدگی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ اگر امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ مسئلہ کشمیر حل کرنے میں کامیاب ہوگئے تو وہ نوبل انعام کے حقدار ہوں گے۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی پیشکش کے حوالے سے سرتاج عزیز نے کہا کہ اگر وہ دونوں ممالک کے درمیان کشمیر کا تنازع حل کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں، تو وہ نوبل انعام کے حقدار ہوں گے۔ یاد رہے کہ اکتوبر میں صدارتی انتخاب کی مہم کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت اور پاکستان کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ امریکہ کے صدر منتخب ہوگئے تو وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالث کا کردار ادا کرنا چاہیں گے، کیونکہ تنازعات کی وجہ سے خطے میں کشیدگی ہے۔ پاکستان کی جانب سے ان کی اس پیشکش کا خیر مقدم کیا گیا تھا۔ بعد ازاں صدر منتخب ہونے کے بعد دفتر خارجہ نے ڈونلڈ ٹرمپ کو مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی پیشکش یاد دلائی تھی۔

ترجمان دفترِ خارجہ نفیس زکریا نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکہ کا نیا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور ساتھ مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کا ان کا بیان بھی یاد دلا دیا۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارت میں 3 دسمبر کو شروع ہونے والی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں پاکستان شرکت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود کانفرنس میں شرکت کریں گے، تاہم ابھی اس بات کی تصدیق نہیں کی جا سکتی کہ کانفرنس کے دوران ان کی بھارتی ہم منصب سے کوئی سائڈ لائن ملاقات ہوگی یا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے اگرچہ پاکستان میں ہونے والے سارک کانفرنس میں شرکت سے انکار کرکے کانفرنس کو سبوتاژ کیا، تاہم پاکستان ایسا نہیں کرے گا اور ہارٹ آف ایشیا میں اپنی نمائندگی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس حقیقت کے باوجود کہ بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول پر ہمارے 7 فوجی جوانوں کو ہلاک کیا، پاکستان ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کا بائیکاٹ نہیں کرے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت اگر مذاکرات کی پیشکش کرتا ہے تو حالات کو دیکھ کر فیصلہ کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 584173

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/584173/ٹرمپ-مسئلہ-کشمیر-حل-کراتے-ہیں-نوبل-انعام-کے-حقدار-ٹھہریں-گے-سرتاج-عزیز

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org