0
Friday 18 Nov 2016 21:14

مسلمانوں کا انتشار ہی اسلام دشمن طاقتوں کو فروغ دے رہا ہے، مولانا کلب جواد کا اجمیر درگاہ شریف میں خطاب

مسلمانوں کا انتشار ہی اسلام دشمن طاقتوں کو فروغ دے رہا ہے، مولانا کلب جواد کا اجمیر درگاہ شریف میں خطاب
اسلام ٹائمز۔ بھارتی شہر اجمیر کی معروف درگاہ شریف ’’خواجہ غریب نواز حضرت معین الدین چشتی‘‘ پر آل انڈیا مجلس علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید کلب جواد نقوی نے ایک مجلس عزاء سے خطاب کیا۔ مولانا کلب جواد نقوی درگاہ شریف کے خادم یامین ہاشمی کے ذریعہ منعقد کئے گئے ایک ماتمی پروگرام میں شرکت کرنے لکھنؤ سے اجمیر آئے ہوئے تھے۔ مجلس عزاء میں درگاہ خواجہ غریب نواز کے خدام اور دیگر اہل تشیع و اہل سنت حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں مولانا کلب جواد نقوی نے شیعہ و سنی اتحاد کی اہمیت بیان کی اور مسلمانوں کو متحد ہونے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ و سنی اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ساتھ ہی ساتھ مسلمان ایسے لوگوں سے بھی ہوشیار رہیں جو مسلمانوں کے بھیس میں داعش کے حامی ہیں۔ مولانا کلب جواد نقوی نے کہا کہ مسلمانوں کے قتل عام پر کسی کا بیان تک نہیں آتا مگر جب امریکہ اور دوسرے یورپی ملکوں میں حملے ہوتے ہیں تو تمام مسلمان مولوی و مفتی بیان دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کہیں بھی ہو اور کسی پر بھی ہو ہم اسکی مذمت کرتے ہیں، مگر یہ دہرا معیار بھی قابل مذمت ہے۔

مجلس علماء ہند کے جنرل سکریٹری نے کہا کہ اس وقت دنیا میں ہر جگہ مسلمانوں کا قتل عام ہورہا ہے مگر عالمی سظح پر مسلمان خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ ایسے لوگوں سے بچنا بہت ضروری ہے جو اتحاد کے نام پر دھوکہ دیتے ہیں۔ مولانا کلب جواد نے مزید کہا کہ اس وقت مسلمانوں کا انتشار ہی اسلام دشمن طاقتوں کو فروغ دے رہا ہے۔ مسلمانوں کو سیاسی حقوق کی بازیابی کے لئے ایک ساتھ رہنا اشد ضروری ہے۔ واضح رہے کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ جب اجمیر خواجہ غریب نواز درگاہ شریف میں مجلس عزاء برپا ہوئی ہو۔ اس موقع پر مولانا سید حسنین بقائی نے بتایا کہ اجمیر درگاہ شریف کی خانقاہ کے تمام خادموں نے مولانا کلب جواد نقوی کا شاندار استقبال کیا اور مجلس عزاء میں شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 584769
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش