0
Friday 18 Nov 2016 20:11

بلاول بھٹو کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے میری رہائی کے لیے آواز اٹھائی، وسیم اختر

بلاول بھٹو کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے میری رہائی کے لیے آواز اٹھائی، وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ مئیر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ایکشن پلان ہوچکے اب کراچی ڈویلپمنٹ پلان پر توجہ دینا ہوگی کیونکہ کراچی میں ترقی ہوئی تو آپریشن اور نیشنل ایکشن پلان کی ضرورت نہیں رہے گی، ساری سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر کراچی کے مسائل حل کریں گے، کراچی کی ترقی کیلیے صوبائی حکومت سے بیٹھ کر بات کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وسیم اختر نے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے سے پہلے سندھ اسمبلی کا دورہ کرنا چاہتے تھے، وہ ارکان کی جانب سے استقبال پر سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ قبل ازیں مئیر کراچی وسیم اختر سندھ اسمبلی پہنچے جہاں انہوں نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی، اس موقع پر اسپیکر سندھ اسمبلی نے مئیر کراچی کو رہائی پر مبارک باد سمیت اجرک اور سندھی ٹوپی کا تحفہ بھی دیا۔

وسیم اختر نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان اور کراچی آپریشن کو چھوڑ کر ہمیں اس شہر کی ترقی کی طرف دیکھنا ہوگا، ایکشن پلان بہت ہوچکے اب کراچی کیلئے ٹارگٹڈ ڈویلپمنٹ پلان آنا چاہیے کیونکہ شہر کا انفراسٹرکچر تباہی کے دہانے پر ہے اور شہری مشکلات میں گھرے ہیں، کراچی کو ترقیاتی پیکج کی شدید ضرورت ہے۔ کراچی کی ترقی کے بعد ہمیں کسی نیشنل ایکشن پلان اور آپریشن کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہاں وہ سخت گیر ہیں لیکن صرف کراچی کے لیے۔ کراچی میں لوگ مشکل میں ہیں، کیا ملیر اور گڈاپ پیرس بن گئے ہیں، کراچی کو ترقی کی ضرورت ہے، کراچی میں ترقی ہوگی تو پورے سندھ میں ترقی ہوگی، ہمیں غدار اور اس قسم کے دیگر القابات سے اب باہر نکلنا چاہیئے، وزیر اعلی سندھ سے بہت امیدیں وابستہ ہیں، لوگ امید کرتے ہیں کہ کراچی کے مسائل حل ہوں گے، امید کرتا ہوں کہ ہم سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر کراچی کے مسائل حل کریں گے۔ میئر کراچی نے کہا کہ بلاول جس ماں کا بیٹا ہے انہوں نے جمہوریت کے لیے اپنی جان دی، بلاول کراچی میں پیدا ہوئے، ان کے والدین کی شادی بھی کراچی میں ہوئی، بلاول بھٹو کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انھوں نے میری رہائی کے لیے آواز اٹھائی۔
خبر کا کوڈ : 584818
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش