0
Sunday 20 Nov 2016 16:41

بھارتی ریاست اترپردیش میں ٹرین کا المناک حادثہ، 95 مسافر ہلاک

بھارتی ریاست اترپردیش میں ٹرین کا المناک حادثہ، 95 مسافر ہلاک
اسلام ٹائمز۔ بھارتی ریاست اترپردیش میں ایک المناک ٹرین حادثہ پیش آیا جس میں 95 مسافر ہلاک جبکہ 150 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں، امدادی ٹیموں نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق آج صبح مسافر ٹرین ’’اندور پٹنہ ایکسپریس‘‘ کا حادثہ کانپور شہر کے قریب پیش آیا۔ حادثے کے وجہ سے مسافر ٹرین کے 14 ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ حادثے کے بعد بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس کو فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچنے کا حکم دے دیا ہے۔ ریاست اتر پردیش کے جی ڈی پی جاوید احمد نے میڈیا سے بات چیت میں بتایا کہ اب بھی دو بوگیاں ایک دوسرے میں پھنسی ہوئی ہیں اور انھیں کاٹ کر نکالنے کا کام چل رہا ہے۔ بھارتی ریلوے کے اعلی اہلکار انیل سکیسینا کا کہنا ہے کہ کئی مسافر ابھی بھی ڈبے میں پھنسے ہوئے ہیں جو اموات میں اضافہ کا باعث بن سکتا ہے۔ ادھر بھارتی کے وزیراعظم نریندر مودی نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں ٹرین حادثے پر شدید غم کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ متاثرہ افراد کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انڈین ریلوے کے وزیر کا کہنا ہے کہ بوگیوں کا پٹری سے اترنے کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہوسکی ہے تاہم ٹرین حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ سانحہ کی فوری تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے اور اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے ورثا کو معاوضہ بھی ادا کیا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ کانپور اسٹیشن بھارتی ریلوے کے اہم جنکشنز میں سے ایک ہے اور یہاں سے ہر روز سینکڑوں ٹرینیں گزرتی ہیں۔ ریلوے کے ترجمان انیل سکسینا نے بتایا کہ کانپور سے گزرنے والی دوسری ٹرینوں کا رخ دوسری جانب موڑ دیا گیا ہے۔ انڈیا میں ریلوے کا نظام پرانا ہونے کے سبب ٹرین کے حادثے معمول کی بات ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق انڈیا میں روزانہ 2 کروڑ 30 لاکھ افراد ٹرین کے ذریعے سفر کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 585172
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش