0
Monday 21 Nov 2016 09:08

مودی کا جنگی جنون اسے کہیں کا نہیں چھوڑے گا، اعجاز ہاشمی

مودی کا جنگی جنون اسے کہیں کا نہیں چھوڑے گا، اعجاز ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ مودی کا جنگی جنون اسے کہیں کا نہیں چھوڑے گا، پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ ہوئی تو دونوں ملکوں تک محدود نہیں رہے گی، یہ عالمی شکل اختیار کر سکتی ہے، چونکہ دونوں ہمسایہ ریاستیں ایٹمی قوت ہیں۔ لاہور کارکنوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن و سلامتی کا راستہ اختیار کیا ہے، بھارتی حکومت امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے، پاک فوج نے بھارتی آبدوز اور جاسوس ڈرون پکڑ کر ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان بھارت کیساتھ ہر طرح کے جنگی میدان میں مقابلہ کر سکتا ہے اور جب بھی جنگ ہوئی، محدود نہیں رہے گی، اس میں دیگر ممالک بھی شامل ہو جائیں گے اور پھر ایٹمی بھی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کا نوٹس لے۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ پاک فوج کی بہادری کے مقابلے میں بھارتی کچھ نہیں، بھارتی وزیر دفاع ایٹمی ہتھیار چلانے میں پہل کرنے کی دھمکیاں دے کر اشتعال دلانے کیساتھ دنیا کا امن تباہ کرنے کی دھمکیاں بھی دے رہے ہیں، لیکن ایسا نہیں ہوگا، پاکستان کے پاس بھی ایٹمی اور روایتی ہتھیار اور بہادر فوج موجود ہے، انڈیا پر پاکستان نے حملہ کیا تو وہ مکمل تباہ ہو جائے گا اور دنیا میں یہ ہندو ایک ملک ہے، ختم ہوگیا تو ہندوازم کا وجود نہیں رہے گا، جبکہ پاکستان مسلمان ملک ہے، اسے کچھ ہوا تو باقی 56 مسلم ممالک موجود ہیں، اسلام اور مسلمانوں کا وجود خطرے میں نہیں ہوگا، اس لئے بھارت کو ہوش کے ناخن لینے چاہیں، جنگ مسئلے کا حل نہیں، لیکن اگر اپنی ہٹ دھرمی پر بھارت برقرار رہا تو اسے سبق سکھانے کیلئے تمام ضروری وسائل پاکستان کے پاس موجود ہیں۔
خبر کا کوڈ : 585362
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش