0
Tuesday 22 Nov 2016 14:52

پاکستان خطے میں اسلحے کی دوڑ کے خلاف ہے، ہمارے دفاعی آلات امن کے فروغ کے لیے ہیں، نواز شریف

پاکستان خطے میں اسلحے کی دوڑ کے خلاف ہے، ہمارے دفاعی آلات امن کے فروغ کے لیے ہیں، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں اسلحے کی دوڑ کے خلاف ہے، تاہم ہمارے دفاعی آلات امن کے فروغ کے لیے ہیں۔ کراچی میں جاری دفاعی نمائش آئیڈیاز کی افتتاح تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ آئیڈیاز 2016ء کا افتتاح کرنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں اور نمائش میں شرکت پر خوشی ہے، پاکستان میں دفاعی صنعت تیزی سے ترقی کے مراحل عبور کر رہی ہے، ملک میں سرمایہ کاری کے منافع بخش مواقع موجود ہیں اور شرح سود بھی ملکی تاریخ کی کم ترین سطح پر ہے، جب کہ رواں سال جی ڈی پی 5 سے زیادہ متوقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کا تذکرہ بین الاقوامی سطح پر کیا جارہا ہے، جس کے باعث اسٹینڈرڈ اینڈ پورز سمیت موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کی ہے، حکومت مستحکم اور مضبوط معیشت کے لیے پرعزم ہے اور ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہیں گے۔

نواز شریف نے کہا کہ ملک میں توانائی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے کئی منصوبوں پر کام ہورہا ہے اور صنعتوں میں لوڈشیڈنگ بھی ختم کردی گئی ہے، تاہم 2018ء تک توانائی کے بحران پر قابو پالیں گے، جب کہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں کمی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر آئیڈیاز نے اپنا مقام حاصل کیا، 2 ہزار سے زائد آلات حرب دفاعی نمائش میں رکھے گئے ہیں، تاہم پاکستان خطے میں اسلحے کی دوڑ کے خلاف ہے اور ہمارے دفاعی آلات امن کے فروغ کے لیے ہیں، پاکستان کی دفاعی مصنوعات جدید ترین ہیں اور ان کا مقابلہ بین الاقوامی سطح پر کیا جاسکتا ہے۔ دفاعی نمائش کے افتتاح کے بعد وزیراعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت وزیر دفاع اور وفاقی وزیر دفاعی پیداوار نے نمائش میں موجود دفاعی ساز و سامان سمیت غیر ملکی کمپنیوں کے اسٹالز کا معائنہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 585776
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش