QR CodeQR Code

پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت سعودی عرب کی پشت پر اور خادم الحرمین شریفین کیساتھ ہیں، سردار محمد یوسف

24 Nov 2016 10:10

اسلام ٹائمز: سعودی عرب میں سوشل میڈیا اور اسلام کے قواعد و ضوابط کے عنوان سے منعقد ہونے والی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کا کردار موجودہ دور میں نہایت اہمیت اختیار کر گیا ہے، مدینہ کانفرنس کے ذریعے سوشل میڈیا کے استعمال میں نفع نقصان الگ کرنے اور اس سے فوائد حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے مدینہ منورہ میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام، سیاسی اور عسکری قیادت حرمین شریفین کے دفاع کیلئے سعودی عرب کی پشت پر اور خادم الحرمین شریفین کیساتھ ہیں، سوشل میڈیا کا تعمیری استعمال صحیح تربیت کے ذریعے ممکن ہے۔ سردار محمد یوسف نے الزام لگایا کہ حوثیوں کی طرف سے خانہ کعبہ پر حملے کی کوشش انتہائی قابل مذمت ہے، ایسا کرنیوالے کسی طور پر بھی مسلمان نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کی طرف سے حرم کی تاریخی توسیعی قابل تعریف ہے، حجاج و معتمرین کیلئے ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے پر سعودی حکومت خراج تحسین کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کا کردار موجودہ دور میں نہایت اہمیت اختیار کر گیا ہے، مدینہ کانفرنس کے ذریعے سوشل میڈیا کے استعمال میں نفع نقصان الگ کرنے اور اس سے فوائد حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ کانفرنس میں گورنر مدینہ پرنس فیصل بن سلیمان، مدینہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر حاتم مرذوتی سمیت 30 ملکوں کے وزرا علما اور نمائندگان شریک تھے، یہ کانفرنس امیر نائف بن عبد العزیز کے زیر اہتمام منعقد کی گئی، جس کا موضوع سوشل میڈیا کیلئے اسلام کے قواعد و ضوابط تھا۔


خبر کا کوڈ: 586170

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/586170/پاکستان-کی-سیاسی-اور-عسکری-قیادت-سعودی-عرب-پشت-پر-خادم-الحرمین-شریفین-کیساتھ-ہیں-سردار-محمد-یوسف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org