0
Friday 25 Nov 2016 19:28

برطانوی وزیر خارجہ کا دورہ لاہور، شہر کی تعریف کرتے رہے، کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرنے سے گریز

برطانوی وزیر خارجہ کا دورہ لاہور، شہر کی تعریف کرتے رہے، کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرنے سے گریز
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آج یہاں برطانیہ کے وزیر خارجہ بورس جانسن نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور مسئلہ کشمیر سمیت اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران لندن میں جناح کانفرنس کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا۔ برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے پنجاب کی تیز رفتار ترقی کیلئے مثالی اقدامات پر وزیراعلیٰ شہباز شریف کی کارکردگی کی تعریف کی اور کہا کہ آپ نے صوبے کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے شاندار اقدامات کئے ہیں خصوصاً تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر کی بہتری اور دیگر شعبوں میں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے نمایاں کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دورہ لاہور کے دوران میرا اور میرے وفد کا شاندار استقبال کیا گیا ہے اور میں اس دورے کے دوران زبردست پذیرائی پر وزیراعلیٰ کا شکرگزار ہوں اور مجھے یہاں جو محبت اور عزت دی گئی ہے اسے میں کبھی بھلا نہیں سکتا۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ پاکستان خصوصاً پنجاب کیساتھ اپنے تعلقات کو غیر معمولی اہمیت دیتا ہے کیونکہ پنجاب پاکستان کا معاشی انجن ہے اور یہاں معاشی ترقی کی رفتار بھی تیز ہے۔ برطانیہ پنجاب حکومت کیساتھ ہر طرح کے تعاون کو مزید فروغ دے گا اور پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں شراکت داری کو مزید بڑھائیں گے۔ برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ پنجاب خصوصاً لاہور میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور یہاں پر سیاحت کو فروغ دے کر معاشی و تجارتی سرگرمیوں کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی و معاشی تعلقات میں اضافہ ہونا چاہیے۔ پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے غیر معمولی مواقع سے مستقبل میں برطانوی کمپنیاں فائدہ اٹھانے کے امکانات کا جائزہ لیں گی اور اس ضمن میں پاکستان کے ساتھ روابط بڑھائیں گے کیونکہ پاکستان ایک غیر معمولی اہمیت کا حامل ملک ہے اور اس کی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔

برطانوی وزیر خارجہ نے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی جانب سے لندن میں جناح کانفرنس کے انعقاد کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ لندن میں جناح کانفرنس کے انعقاد کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے، بلاشبہ یہ ایک اہم ایونٹ ہوگا۔ برطانوی وزیر خارجہ نے لاہور شہر کی خوبصورتی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ شہر میں میٹرو بس سروس رواں دواں ہے اور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے تاہم اتنے بڑے شہر میں انڈرگراؤنڈ ریل سسٹم کی بھی ضرورت ہے اور اس ضمن میں برطانیہ تعاون اور مہارت فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ مسئلہ کشمیر کو سمجھتا ہے اور تنازعات ہمیشہ بات چیت کے ذریعے ہی حل ہوتے ہیں، تاہم انہوں نے کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرنے سے گریز کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے وزیراعظم محمد نوازشریف نے بھارتی وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت کر کے ایک مثبت پیغام دیا، خطے کی ترقی کیلئے پائیدار امن ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے برطانوی وزیر خارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ پاکستان کا ایک اہم تجارتی و معاشی پارٹنر ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔
خبر کا کوڈ : 586472
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش