0
Friday 25 Nov 2016 20:59

ریٹائرمنٹ کے بعد آرمی چیف راحیل شریف سیاسی جماعت بنائیں تاجر برادری ان کا ساتھ دیگی، کراچی تاجر الائنس

ریٹائرمنٹ کے بعد آرمی چیف راحیل شریف سیاسی جماعت بنائیں تاجر برادری ان کا ساتھ دیگی، کراچی تاجر الائنس
اسلام ٹائمز۔ کراچی تاجر الائنس کے چیئرمین ایاز میمن موتی والا نے کہا ہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد جنرل راحیل شریف سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کریں، تاجر برادری ان کا ساتھ دیگی، عسکری میدان میں انہوں نے اپنا لوہا منوا لیا، اب ملک کی سیاسی صورتحال بدلنے کے لیے سیاست میں بھی قدم رکھ دیں۔ انہوں نے امن و امان کے قیام کے لیے اور جو کچھ اس ملک کے لیے کیا وہ اس قوم پر کسی احسان سے کم نہیں ہے، ویسے بھی اس ملک کو ایک نیک نیت اور پرخلوص قیادت کی اشد ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجر الائنس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو بجلی، گیس اور ٹیکسوں میں اضافہ کرنے کے سوا کچھ نہیں آتا، اس ملک کی عوام چوری، ڈاکے اور بھتہ خوری سے اس قدر تنگ آچکے ہیں کہ ان کی نظریں محب وطن قیادت کی تلاش میں ہیں، اگر جنرل راحیل شریف صاحب نے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے سیاسی پارٹی بنانے کا اعلان کیا تو تاجر برادری کے تمام دھڑے ایک ہوکر ان کا ساتھ دے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں میں عوام کا کوئی بھی خیر خواہ نہیں ہے، سب ہی عوام کے مسائل سے چشم پوشی اختیار کرنے والے سیاستدان ہیں، جبکہ جو مشورہ ہم جنرل راحیل شریف صاحب کو دے رہے ہیں وہ ملک کے طویل المعیاد مفادات کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جس میں وہ اس ملک کے صاف ستھرے اور ایماندار سیاستدانوں کو اپنے ساتھ شامل کرسکتے ہیں، جو موجودہ سیاسی روایات سے ہٹ کر عوام کی بہتر انداز میں خدمت کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک اچھا اقدام ہے کہ آرمی چیف ریٹائرمنٹ کے بعد شہداء فاؤنڈیشن کا قیام چاہتے ہیں، جس میں وہ شہداء کے لواحقین کے لیے اپنی زندگی کو وقف کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، مگر اس کے ساتھ ان کی پورے ملک کی عوام کو بھی اتنی ہی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 586483
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش