QR CodeQR Code

اسرائیل میں لگنے والی آگ حیفہ شہر تک پہنچ گئی، 50 ہزار افراد کی نقل مکانی، ترک طیارے مدد کو پہنچ گئے

25 Nov 2016 21:41

اسلام ٹائمز: ترک خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ترکی نے اسرائیل میں لگنے والی آگ بجھانے کے لیے اپنے طیارے بھیج دیئے ہیں، جو دیگر ممالک کے طیاروں کے ساتھ مل کر اسرائیلی شہر حیفہ کے قریب جنگلات میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ اسرائیل کے تیسرے بڑے شہر حیفہ کے قریب جنگل میں لگنے والی آگ کو ابھی تک بجھایا نہیں جا سکا ہے، آگ پھیل کر شہر تک پہنچ چکی ہے، حیفہ میں رہنے والے 50 ہزار افراد نقل مکانی کرچکے ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق حیفہ کے قریب جنگل میں لگی آگ شہر تک پہنچ چکی ہے، حیفہ میں رہنے والے 50 ہزار افراد نقل مکانی کرچکے ہیں، آگ نے عمارتوں کو گھیر لیا ہے جبکہ فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں جو بری طرح ناکام نظر آتے ہیں، اسرائیلی حکام اس آگ کو دہشت گردی سے جوڑ رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ دوسری جانب ترکی نے اسرائیل میں لگنے والی آگ بجھانے کے لیے اپنے طیارے بھیج دیئے ہیں۔

ترک خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز ترکی نے سپیشل طیارے اسرائیل روانہ کر دیئے ہیں، جو دیگر ممالک کے طیاروں کے ساتھ مل کر اسرائیلی شہر حیفہ کے قریب جنگلات میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ترکی کے ساتھ یونان، کروشیا، اٹلی، روس اور دیگر ملکوں کے طیارے بھی آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے مدد کے لیے طیارے بھیجنے پر ترکی کا شکریہ ادا کیا ہے۔ وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ”ہم نے بیرونی دنیا سے مدد کی اپیل کر رکھی ہے کیونکہ تیز ہواؤں کے باعث آگ کے مزید پھیلنے کا خدشہ بہت زیادہ ہے۔“


خبر کا کوڈ: 586497

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/586497/اسرائیل-میں-لگنے-والی-آگ-حیفہ-شہر-تک-پہنچ-گئی-50-ہزار-افراد-کی-نقل-مکانی-ترک-طیارے-مدد-کو-گئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org