0
Saturday 26 Nov 2016 09:33

مہمند ایجنسی میں ایف سی کیمپ پر حملہ، 2 اہلکار شہید 14 زخمی

مہمند ایجنسی میں ایف سی کیمپ پر حملہ، 2 اہلکار شہید 14 زخمی
اسلام ٹائمز۔ سیکورٹی فورسز نے مہمند ایجنسی میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کیمپ پر خودکش حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ مہمند ایجنسی کے ہیڈکوارٹر غلنئی میں واقع مہمند رائفلز کیمپ پر صبح 6 بجکر 20 منٹ پر شدت پسندوں نے حملہ کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے ڈائریکٹر جنرل عام باجوہ نے ٹوئیٹر پیغام میں کہا کہ ’سیکورٹی فورسز نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمند ایجنسی کے غلنئی کیمپ میں حملہ کرنے والے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ ہمارے دو جوان بھی شہید ہوئے‘۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 4 خودکش حملہ آوروں نے فائرنگ کرتے ہوئے مسجد میں داخل ہونے کی کوشش کی جبکہ حملہ آوروں کو روکتے ہوئے ايف سی کے 2 اہلکار شہید ہو گئے۔ اس حملے میں ایف سی کے 14 اہلکار زخمی بھی ہوئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد چاروں خودکش حملہ آوروں کو ہلاک کر ديا گيا ہے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق مہمند ایجنسی میں کرفیو لگا دیا گیا ہے اور ہر قسم کے نقل و حرکت پر پابندی ہے جبکہ علاقے میں گن شپ ہیلی کاپٹرز کی مدد سے سرچ جاری ہے۔ حملے کی ذمہ داری تحریک طالبان جماعت الحرار نے قبول کر لی ہے۔

واضح رہے کہ رواں برس ستمبر میں مہمند ایجنسی کی ایک مسجد میں نماز جمعہ کے دوران بھی ایک خودکش دھماکا کیا گیا تھا جس میں تقریباً 24 افراد شہید اور 31 زخمی ہو گئے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری بھی کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے علیحدگی اختیار کرنے والے گروپ جماعت الاحرار نے کی تھی۔ یاد رہے کہ پاک افغان سرحد پر ان قبائلی علاقوں میں فوج متعدد آپریشنز کر چکی ہے جس کے بعد یہاں سیکورٹی صورتحال بہتر کرنے کا دعویٰ کیا جاتا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 586540
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش