0
Tuesday 29 Nov 2016 18:28

راحیل شریف کے دہشتگردی کیخلاف اقدامات لائق تحسین ہیں، علامہ ساجد نقوی

راحیل شریف کے دہشتگردی کیخلاف اقدامات لائق تحسین ہیں، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے نئے آرمی چیف کی تقرری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سبکدوش ہونیوالے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جس انداز میں اپنی مدت ملازمت پوری کی، وہ لائق تحسین ہے۔ ضرب عضب آپریشن کے ذریعے جہاں ملک کے اندر دہشتگردی کے خاتمے میں مدد ملی، وہیں سرحدوں کے تحفظ کیلئے بھی جو جرات مندانہ اقدام اٹھائے، وہ بھی قابل ستائش ہیں۔ امید ہے جنرل قمر جاوید باجوہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مزید اہم اقدامات اٹھائینگے، ملک میں پائیدار قیام امن کی خاطر جنرل اشفاق پرویز کیانی کے دور کے ڈاکٹرائن پر اس انداز میں عمل کرائیں گے کہ ملک نارمل صورتحال پر واپس آجائے، اس کیساتھ نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل کراتے ہوئے غیر منصفانہ بیلنس کی پالیسی ختم کرائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 16 ویں آرمی چیف کے تقرر کے حوالے سے اپنے تہنیتی پیغام میں چیئرمین چیفس آف جنرل سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات اور نئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو مبارکباد بھی پیش کی۔ علامہ ساجد نقوی کا کہنا تھا کہ ملک میں ایک بہتر روایت کا تسلسل ہے کہ پہلے ایک منتخب حکومت نے دوسری منتخب حکومت کو اقتدار منتقل کیا اور اب ایک آرمی چیف نے اپنی پروفیشنل ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے اپنے جانشین کو فوج کی کمان سونپ دی ہے، جو کہ خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ سبکدوش ہونیوالے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جس انداز میں مدت ملازمت پوری کی، ضرب عضب آپریشن سمیت متعدد ایسے اقدامات اٹھائے، جس سے نہ صرف ملک کے اندر دہشتگردی کے خاتمے میں بڑی حد تک مدد ملی، وہیں سرحدوں پر بھی ملک دشمن عناصر کو منہ توڑ جواب دیا، جو کہ لائق تحسین ہے۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ اس وقت ملک بہت سے چیلنجز سے نبرد آزما ہے، ایک جانب جہاں دہشتگرد اپنی مذموم کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں تو دوسری جانب ہندوستان کشمیر میں حالات خراب کرنے کیساتھ سویلین پر بھی حملے کر رہا ہے، سرحدوں پر بھی کشیدگی برقرار ہے، افغانستان کی جانب سے بھی بعض مسائل کا سامنا ہے، جبکہ بین الاقوامی سطح پر بھی عالمی منظر نامہ تبدیل ہو رہا ہے، ایسے حالات میں امید کرتے ہیں کہ نئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ایسے اقدامات اٹھائینگے، جو ان مسائل سے نمٹنے میں معاون ثابت ہونگے۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی حمایت ملک سے دہشتگردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے مکمل خاتمے کیلئے کی، لیکن افسوس آج تک اس کی روح کے مطابق عمل نہیں ہوا، بیلنس کی پالیسی کے تحت ظالم و مظلوم اب تک ایک صف میں کھڑے ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ اس پالیسی کو ختم کرتے ہوئے ایسے اقدامات اٹھائے جائیں، تاکہ صحیح معنوں میں مظلوم کو انصاف ملے اور ظالم کا قلع قمع ہو۔
خبر کا کوڈ : 587514
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش