0
Wednesday 30 Nov 2016 11:28

سراج الحق کا آصف زرداری کو فون، تبدیلی مذہب کا بل واپس لینے کا مطالبہ

سراج الحق کا آصف زرداری کو فون، تبدیلی مذہب کا بل واپس لینے کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے آصف زرداری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے اور سندھ اسمبلی میں تبدیلی مذہب کا منظور ہونے والا بل واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری کو فون میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی خلاف آئین اور شریعت قانون سازی کر رہی ہے، 73 کا متفقہ آئین بھٹو کا قوم کیلئے تحفہ تھا، جسے پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت متنازع بنانے پر تلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی کا پاس کردہ مذہب کی تبدیلی کا بل خلاف آئین ہے، اسے فوری واپس لیا جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی میں منظور ہونے والا تبدیلی مذہب کا قانون پاکستان کے آئین اور اقوام متحدہ کے چارٹرکے خلاف ہے، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری اپنی حکومت کو اس قانون کی واپسی کیلئے ہدایات جاری کریں ، 24 ویں آئینی ترمیم کو یکطرفہ منظور کرانے کی کوشش کی مذمت کرتے ہیں اور اسے کسی طور قبول نہیں کریں گے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ سندھ کی صوبائی اسمبلی نے تبدیلی مذہب کے حوالے سے حال ہی میں ایک قانون منظور کیا ہے جس کے تحت کوئی غیر مسلم 18 سال کی عمر سے پہلے اسلام قبول نہیں کر سکتا۔

انکا کہنا تھا کہ اس قانون کے مطابق اگر کسی نے طے شدہ عمر سے پہلے اسلام قبول کیا تو حکومت اس کو 21 روز تک اپنے پاس یرغمال بنا کر رکھے گی، جس نے 18سال سے کم عمر کے اس نوجوان کو اسلام کی دعوت دی ہو گی، اس کو 3 سال کی سزا ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پر صوبائی اسمبلی کا یہ قانون پاکستان کے آئین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے خلاف ہے، کیونکہ آئین پاکستان اور اقوام متحدہ کا چارٹر ہر انسان کو مذہبی آزادی کا حق دیتے ہیں، خود قرآن کا یہ حکم ہے کہ دین میں کوئی زبردستی نہیں ہے، ہم زبردستی کسی کو مسلمان بنانے کے خلاف ہیں، لیکن اگر کوئی خود اپنی مرضی سے اسلام قبول کرتا ہے تو اس پر پابندی نہیں ہونی چاہیے، اگر سندھ میں کوئی ظلم کرتا ہے تو حکومت کا فرض ہے کہ اس کو سزا دے، کسی ایک آدھ واقعے کو مثال بنا کر پورے معاشرے کو یرغمال بنانا اور متاثر کرنا مناسب نہیں ہے، سندھ حکومت اصل مسائل کو چھوڑ کر نان ایشوز میں الجھ رہی ہے، یہ قانون مسلمان اور غیر مسلموں کو لڑانے کا ذریعہ اور سازش ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اقلیتوں کے حقوق کی محافظ ہے ہم نے ہمیشہ کے آئین پاکستان کے تحت ان کے حقوق کا تحفظ کیا۔
خبر کا کوڈ : 587629
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش