0
Thursday 1 Dec 2016 10:04

آزاد کشمیر اسمبلی، بھارتی فائرنگ کیخلاف مذمتی قرارداد منظور

آزاد کشمیر اسمبلی، بھارتی فائرنگ کیخلاف مذمتی قرارداد منظور
اسلام ٹائمز۔ بھارت کی اشتعال انگیزی کے خلاف مذمتی قرارداد آزادکشمیر اسمبلی میں متفقہ طور پر منظور کر لی گئی، اسپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر بلااشتعال فائرنگ کے خلاف منظور کی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے توجہ ہٹانے کے لئے جنگ مسلط کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے۔ قرارداد میں پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر رہیں گے۔ اجلاس نے اقوام متحدہ، یورپی یونین، او آئی سی سے اپیل کی کہ وہ اپنے نمائندے مقبوضہ کشمیر بھیج کر سنگین حالات کا از خود جائزہ لیں۔ بحث کے بعد سروس ٹربیونل ترمیمی ایکٹ2016ء اور انسداد منشیات ترمیمی ایکٹ 2016ء کی منظوری دی گئی، اراکین نے دہشتگردی کے خلاف موثر آپریشن کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے آواز بلند کرنے پر سابق آرمی چیف جنرل (ر)راحیل شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے 13 انتخابی حلقے بھارتی فوج کی گولہ باری اور بلااشتعال فائرنگ کی زد میں ہیں جس کے نتیجہ میں 4 لاکھ 10 ہزار افراد متاثر ہوئے، حکومت ایل او سی پر بسنے والے لوگوں کی جان و مال کے تحفظ اور متاثرین کی آباد کاری کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف، عمران خان، بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان سمیت قومی قیادت سے اپیل کی کہ وہ کنٹرول لائن کا دورہ کریں۔ اسپیکر نے کارروائی مکمل ہونے کے بعد اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا۔
خبر کا کوڈ : 587847
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش