0
Friday 2 Dec 2016 08:20

بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی دلچسپی ہمارے لیے باعث حوصلہ ہے، ثناءاللہ زہری

بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی دلچسپی ہمارے لیے باعث حوصلہ ہے، ثناءاللہ زہری
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ گوادر پورٹ کی فعالی اور چین پاک اقتصادی راہداری کے منصوبے کی وجہ سے دنیا بھر کی نظریں بلوچستان پر مرکوز ہیں، بالخصوص بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی دلچسپی ہمارے لیے باعث حوصلہ ہے، صوبائی حکومت سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سرمایہ کاروں کو تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، جس کے لیے بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ قائم کیا گیا ہے، تاکہ سرمایہ کار آئیں اور بلوچستان میں فائدہ مند سرمایہ کاری کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قطر کے شہزادے عبدالہادی الہاجری سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ، ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل درانی، رکن سندھ اسمبلی ہمایوں خان اور میر ساجد دشتی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں بلوچستان میں سرمایہ کاری کے امکانات اور مواقعوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، قطر کے شہزادے نے ان میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعلٰی نے بتایا کہ وزیراعظم کی ذاتی دلچسپی کی بدولت گوادر میں فری ٹریڈ زون کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے کسٹم ڈیوٹی اور ٹیکسوں پر چھوٹ کے ایس آر اوز جاری کر دیئے گئے ہیں، انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں مختلف شعبوں بالخصوص توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی بےپناہ گنجائش موجود ہے، بہت سی بین الاقوامی کمپنیاں اس شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی لے رہی ہیں، وزیراعلٰی نے معدنیات، ماہی گیری، زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں ترقی اور سرمایہ کاری کے مواقعوں کے بارے میں تفصیلات سے بھی آگاہ کیا، وزیراعلٰی نے قطر کے شہزادے کو بلوچستان بالخصوص گوادر کے دورے کی جبکہ قطر کے شہزادے نے وزیراعلٰی کو قطر کے دورے کی دعوت دی، بعد ازاں وزیراعلٰی نے مہمان کو روایتی قالین اور سوینئر بھی پیش کیا۔
خبر کا کوڈ : 588080
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش