0
Saturday 3 Dec 2016 19:06

سپریم کورٹ میں پاناما لیکس کیس کو حکمران الجھا رہے ہیں، مگر اب وہ احتساب سے نہیں بچ سکتے، لیاقت بلوچ

سپریم کورٹ میں پاناما لیکس کیس کو حکمران الجھا رہے ہیں، مگر اب وہ احتساب سے نہیں بچ سکتے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی ضلع ملتان و سٹی ملتان کی مجلس شوریٰ کے انتخابات مکمل، جماعت اسلامی پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے ایک سادہ و پروقار تقریب میں نومنتخب اراکین مجلس شوریٰ سے حلف لیا۔ تقریب میں مرکزی نائب امیر میاں محمد اسلم، ضلعی امیر میاں منیر احمد بودلہ، سٹی امیر میاں آصف محمود اخوانی، سیکرٹری جنرل صہیب عمار صدیقی بھی اُن کے ہمراہ تھے۔ تقریب میں مولانا عبدالرزاق، حافظ محمد اسلم، کلیم اکبر صدیقی، مولانا محمود شبیر، رانا طارق نعیم، ڈاکٹر حفیظ انور، پروفیسر عبدالصمد، شہزادہ بابر مان، میاں قطب جمیل، حافظ عبدالرحمن قریشی، پروفیسر حافظ محمد اکرم، خواجہ عاصم ریاض، شیخ منظور الٰہی، ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی، چودھری ظفر اقبال آرائیں اور پروفیسر علی اصغر سلیمی نے حلف اُٹھایا۔ لیاقت بلوچ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کا مشن، نصب العین اللہ کے دین کے غلبہ کے سوا کچھ اور نہیں۔ جماعت اسلامی ایک اسلامی، جمہوری، انقلابی اور منظم جماعت ہے جس میں موروثیت نام کی کوئی چیز نہیں۔

جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سے لے کر ہر سطح کے ذمہ داران کا تقرر ارکان جماعت کی رائے سے ہوتا ہے۔ مجلس شوریٰ ایک منتخب ادارہ ہے، جس کا کام ہر سطح کی جماعت اسلامی کی پالیسی بنانا ہے اور امیر کا کام اُس پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔ قرآن و سنت کے عادلانہ نظام کے عملاََ نفاذ سے ہی ملک بحرانوں سے نکل کر ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوسکتا ہے۔ کرپٹ حکمرانوں نے ملک کو لوٹ کر دیوالیہ کر دیا ہے۔ غریب کا بچہ تعلیم، صحت، جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہے۔ غربت، مہنگائی، بے روزگاری سے تنگ آکر لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں۔ کرپشن کرنے والوں کو پھانسی پر لٹکایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمران مصلحت پسندی اور بزدلی کی چادر اُتار کر جرات کا مظاہرہ کریں۔ بھارت کو احتجاجی مراسلوں کی بجائے منہ توڑ جواب دیا جائے اور پاکستان مقبوضہ کشمیر میں نہتے و بے گناہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرے۔ نریندر مودی کا بھیانک چہرہ دنیا کے سامنے پیش کیا جائے، اس کیلئے وزیر خارجہ کا ہونا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں پاناما لیکس کیس کو حکمران الجھا رہے ہیں مگر اب وہ احتساب سے نہیں بچ سکتے۔
خبر کا کوڈ : 588447
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش