0
Sunday 4 Dec 2016 15:12

ہارٹ آف ایشیا کانفرنس، افغان صدر کی پاکستان پر شدید تنقید

ہارٹ آف ایشیا کانفرنس، افغان صدر کی پاکستان پر شدید تنقید
اسلام ٹائمز۔ بھارت کے شہر امرتسر میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کا چھٹا وزارتی اجلاس شروع ہوگیا، جس میں پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز کر رہے ہیں۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور افغان صدر اشرف غنی نے کانفرنس کا مشترکہ طور پر افتتاح کیا اور دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے معاملے پر پاکستان پر شدید تنقید کی۔ افغان صدر اشرف نے کہا کہ میں الزام تراشیوں کا تبادلہ نہیں چاہتا، میں اس بات کی وضاحت چاہتا ہوں کہ دہشت گردی کو پھیلنے سے روکنے کے لئے کیا اقدامات کیے گئے۔ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق اشرف غنی نے افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ افغانستان کو دہشت گردی سے لڑنے کے لئے امداد چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو سمجھنے اور اس سے نمٹنے کی ضرورت ہے، پاکستان نے افغانستان کی ترقی کے لئے 50 کروڑ ڈالر امداد کا وعدہ کیا تھا، لیکن یہ رقم دہشت گردی کو قابو کرنے کے لئے استعمال ہونی چاہیے۔ اشرف غنی کے خطاب کے دوران مشیر خارجہ سرتاج عزیز بھی وہاں موجود تھے۔

اشرف غنی نے مزید کہا کہ گذشتہ برس افغانستان میں ہلاکتوں کی تعداد سب سے زیادہ رہی، یہ ناقابل قبول ہے، کچھ عناصر اب بھی دہشت گردوں کو پناہ دے رہے ہیں، ایک سینیئر طالبان رکن نے حال ہی میں کہا کہ اگر انہیں پاکستان میں محفوظ پناہ گاہ نہ ملتی تو وہ ایک مہینہ بھی نہیں چل سکتے۔ انہوں نے پاکستان پر زور دیا کہ وہ کراس بارڈر سرگرمیوں کو جانچے۔ افغان صدر نے بھارت کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارت کا تعاون ہمیشہ غیر مشروط ہوتا ہے، دونوں ملکوں کے تعلقات مشترکہ اقدار اور بھروسے پر مبنی ہیں۔ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے موقع پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان مصافحہ ہوا، تاہم باضابطہ ملاقات نہیں ہوئی۔ ہندوستان کے این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور افغان صدر اشرف غنی نے مشترکہ طور پر ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کا افتتاح کیا۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور افغان صدر اشرف غنی کے درمیان ہونے والے علیحدہ ملاقات بھی ایک گھنٹے تک جاری رہی جبکہ اس سے قبل نریندر مودی اور اشرف غنی نے مشترکہ طور پر گولڈن ٹیمپل کا بھی دورہ کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 588639
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش