0
Tuesday 6 Dec 2016 19:32

مقبوضہ کشمیر میں حالات خراب کرانے میں نیشنل کانفرنس نے اچھا خاصا رول ادا کیا ہے، محبوبہ مفتی

مقبوضہ کشمیر میں حالات خراب کرانے میں نیشنل کانفرنس نے اچھا خاصا رول ادا کیا ہے، محبوبہ مفتی
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی وزیراعلی محبوبہ مفتی نے نیشنل کانفرنس پر حصول اقتدار کیلئے ’’کسی بھی حد تک جانے کا‘‘ الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس نے گذشتہ پانچ مہینوں کے دوران حالات خراب کرنے میں بھرپور رول ادا کیا ہے۔ سرینگر میں ایک تقریب کے حاشیہ پر میڈیا سے بات چیت کے دوران نیشنل کانفرنس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ عوامی عدالت ہی جمہوری نظام میں سب سے بڑی عدالت ہوتی ہے جس میں حکمرانوں کی کارکردگی کو پرکھا جاسکتا ہے۔ انہوں نے جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے چالیس سالہ دور اقتدار کا رپورٹ کارڈ بھی دیکھ لیں کہ انہوں نے کون سے گل کھلا دئے۔ انہوں نے شیخ محمد عبداللہ کی سالگرہ پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اپنے سیاسی مفادات اور اقتدار کی حصولیابی کیلئے اس جماعت نے ریاست کو دیوالیہ بنا دیا اور اب اقتدار سے باہر ہوکر یہ پارٹی مگر مچھ کے آنسو بہا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ایجی ٹیشن کے دوران حالات خراب کرنے میں نیشنل کانفرنس نے اچھا خاصا رول ادا کیا ہے کیونکہ یہ جماعت حصول اقتدار کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتی ہے۔ محبوبہ مفتی نے پی ڈی پی کے محض پانچ سالہ دور کو نیشنل کانفرنس کے 40 سالہ دور اقتدار کے مقابلے میں وزن دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ہر ایک مرحلے پر کشمیری عوام کے جذبات اور احساسات کو پاؤں تلے روند ڈالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس جماعت کے تمام وزرائے اعلیٰ نے اقتدار پر براجمان رہنے کیلئے ریاستی آبی وسائل اور بجلی پروجیکٹوں کا سودا کیا اور کرپشن، اقربا پروری اور رشوت خوری اسی پارٹی کی دین ہے۔
خبر کا کوڈ : 589283
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش