0
Thursday 8 Dec 2016 00:51

طیارہ حادثہ انجن فیل ہو جانے کے باعث پیش آیا، چیئرمین پی آئی اے

طیارہ حادثہ انجن فیل ہو جانے کے باعث پیش آیا، چیئرمین پی آئی اے
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پی آئی اے اعظم سہگل نے کہا ہے کہ طیارہ حادثہ انجن فیل ہو جانے کے باعث پیش آیا۔ توقع تھی کہ طیارہ ایک انجن پر لینڈ کر جائیگا, لیکن بدقسمت طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثہ میں کوئی فنی خرابی یا ہیومن ایرر نہیں تھا۔ اسلام آباد میں چیئرمین پی آئی اے اعظم سہگل نے طیارہ حادثے کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جہاز چار بجکر سولہ منٹ پر ریڈار سکرین سے غائب ہوا، سوا چار بجے کے قریب کنٹرول ٹاور کو جہاز کا انجن فیل ہونے کی اطلاع ملی، ہم پرامید تھے کہ جہاز ایک انجن پر لینڈ کر جائے گا، لیکن کچھ لمحے بعد مے ڈے کی کال آئی اور اسکے بعد کچھ لمحے بعد پہاڑ سے دھوئیں کی اطلاع موصول ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ کیپٹن صالح 12 ہزار گھنٹے جہاز اڑا چکے تھے اور اس جہاز کے انسٹرکٹر مانے جاتے تھے، انہوں نے واضح کیا کہ پی آئی اے کبھی اس بات کی اجازت نہیں دے گی کہ جہاز خراب ہو تو اسے اڑانے دیا جائے، اے ٹی آر فرنچ کمپنی کا بنا ہوا معروف جہاز ہے۔ جہاز میں کوئی فنی خرابی نہیں تھی، جہاز کا پچھلے ماہ چیک ہوا جو ہر پانچ سو گھنٹے کے بعد ہوتا ہے۔

چیئرمین پی آئی اے کا کہنا تھا کہ جہاز میں کوئی ہیومن ایرر یا فنی خرابی نہیں تھی، تحقیق ہوگی، جس میں بین الاقوامی ادارے بھی شامل ہوں گے، اطلاعات ہیں کہ طیارے کا بلیک باکس مل چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کی تحقیق ایس آئی بی کرتی ہے، فضائی سفر ابھی بھی سب سے محفوظ سفر ہے۔ آئندہ چند دنوں میں سب کچھ واضح ہو جائے گا، پی آئی اے کے سیفٹی سٹینڈرڈ گذشتہ کئی سالوں سے بہت اچھے ہیں، پی آئی اے جہازوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق چیکنگ کرتی ہے۔ اعظم سہگل کا کہنا تھا کہ طیارہ حادثہ بہت بڑا سانحہ ہے، جس میں سوار سوار تمام مسافر جاں بحق ہوگئے ہیں، مسافروں کے لواحقین کو قانون کے مطابق امداد دی جائے گی۔ کوشش ہے کہ کل تک لاشوں کو آرمی ہیلی کاپٹر سے اسلام آباد منتقل کر دیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 589630
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش