0
Friday 9 Dec 2016 20:02

استعفٰی تو درکنار عمران خان کو وزیراعظم کی شیروانی کا ٹوٹا ہوا بٹن تک نہیں دینگے، پرویز رشید

استعفٰی تو درکنار عمران خان کو وزیراعظم کی شیروانی کا ٹوٹا ہوا بٹن تک نہیں دینگے، پرویز رشید
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان پاناما لیکس کے معاملے پر کمیشن قائم کرنے کے اپنے ہی مطالبے سے یوٹرن لے رہے ہیں۔ اسلام آباد میں دیگر لیگی رہنماؤں کے ساتھ سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید نے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد اپنی پہلی پریس کانفرنس میں عمران خان کو تنقید کا نشانے بناتے ہوئے کہا کہ استعفٰی تو درکنار عمران خان کو وزیراعظم کی شیروانی کا ٹوٹا ہوا بٹن تک نہیں دیا جائے گا۔ سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان پاناما کیس میں شواہد دینے کے بجائے بائیکاٹ کی دھمکیاں دے رہے ہیں، معاملے کی تحقیقات کیلئے کمیشن قائم کرنا ان کا موقف تھا، جس سے وہ یوٹرن لے رہے ہیں۔ سینیٹر پرویز رشید نے دعویٰ کیا کہ کیس اسی روز ختم ہوگیا تھا جب عدالت نے تحریک انصاف کے ثبوتوں کو ردی کے ٹکرے قرار دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان وزیراعظم پر لگائے گئے الزامات کے ثبوت عدالت میں پیش نہ کرسکے۔

سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ پاکستان کا آئینی ادارہ ہے اور اب وقت قریب آگیا ہے کہ عمران خان کے جھوٹ بےنقاب ہو جائیں۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم پر بلاجواز الزامات کے خلاف مقدمہ کرنا ہمارا حق ہے، استعفٰی تو درکنار عمران خان کو وزیراعظم کی شیروانی کا بٹن تک نہیں دیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے ایک مرتبہ پھر اپنے فیصلے سے یوٹرن لے کر عدالت سے راہ فرار اختیار کی ہے اور قوم کا وقت ضائع کرنے پر انھیں مافی مانگنی چاہیے۔ سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ بےبنیاد الزامات کی بنیاد پر ہم پر کیچڑ اچھالا گیا، ہمارے صاف دامن کو داغ دار کرنے کی کوشش کی گئی۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے جمہوری نظام کو کمزور کرنے کے عادی ہیں، عمران خان پارلیمنٹ، کمیشن اور اب عدالت سے بھاگ رہے ہیں۔ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل نعیم بخاری کا کہنا تھا کہ ہم کمیشن کے قیام کے خلاف ہیں، اگر کمیشن تشکیل دیا گیا تو بائیکاٹ کریں گے۔ نعیم بخاری کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنا کیس بنا دیا ہے، عدالت اس پر فیصلہ دے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے بھی کہا تھا کہ وہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے کمیشن کا قیام نہیں چاہتے بلکہ ان کی خواہش ہے سپریم کورٹ کا لارجر بینچ ہی اس کا فیصلہ کرے۔
خبر کا کوڈ : 590142
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش