QR CodeQR Code

جی بی کے ضلع کھرمنگ میں ڈسٹرکٹ اکاونٹس آفس کا افتتاح

9 Dec 2016 22:50

اسلام ٹائمز: اکاونٹنٹ جنرل جی بی نے اپنے دورہ کھرمنگ کے موقع پر کہا ہے کہ کھرمنگ میں قائم نیشنل بنک سے سرکاری اداروں کو چیک کے ذریعے رقوم کی فراہمی کے لئے وہ جلد نیشنل بنک کے ذمہ داروں سے میٹنگ کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کے اکاونٹنٹ جنرل گل بیگ نے آج مہدی آباد کھرمنگ میں ڈسٹرکٹ اکاونٹس آفس کا دورہ کیا۔ اپنے دورے میں انہوں نے بلتستان کے دونوں نئے اضلاع شگر اور کھرمنگ میں ضلعی اکاؤنٹس آفس کا افتتاح کیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کھرمنگ بشارت حسین کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر دفتر کا باقاعدہ افتتاح اور معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایس پی کھرمنگ مجید خان، کھرمنگ کے ضلعی افسران، بڑی تعداد میں کھرمنگ کے معززین اور علمائے کرام نے شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اکاونٹنٹ جنرل جی بی گل بیگ نے کہا کہ علاقے میں ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس آج سے باقاعدہ کام شروع کر دے گا اور علاقے میں قائم سرکاری دفاتر کے مسائل میں کمی واقع ہوگی۔ اس موقع پر انہوں نے تمام ضلعی محکمہ جات سے کہا کہ وہ ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس دفتر سے تعاون کریں اور تمام سرکاری امور کی بجاآوری میں بہتر نطم و ضبط سے کام کریں۔ انہوں نے تمام محکمہ جات سے کہا کہ وہ اپنے تمام پینشن کیسز کو تیار کرکے جلد از جلد ارسال کریں، تاکہ پنشن پر جانے والے ملازمین کو مشکلات درپیش نہ ہوں اور ان کو جلد پنشن ملے۔ انہوں نے کہا کہ کھرمنگ میں قائم نیشنل بنک سے سرکاری اداروں کو چیک کے ذریعے رقوم کی فراہمی کے لئے وہ جلد نیشنل بنک کے ذمہ داروں سے میٹنگ کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 590202

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/590202/جی-بی-کے-ضلع-کھرمنگ-میں-ڈسٹرکٹ-اکاونٹس-آفس-کا-افتتاح

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org