0
Saturday 10 Dec 2016 11:34

بھکر، قطری شہزادوں نے فصلیں تباہ کر دیں، کسانوں کا احتجاج

بھکر، قطری شہزادوں نے فصلیں تباہ کر دیں، کسانوں کا احتجاج
قطری شہزادے کا خط تو وزیراعظم نواز شریف کو بچانے کیلئے تھا لیکن اس کی قیمت عوام کو ادا کرنا پڑگئی۔ تلور کے شکار میں مصروف قطری شہزادوں نے بھکر میں کئی ایکڑ پر پھیلی فصلوں کو تباہ کر دیا جبکہ فصلوں کی تباہی پر احتجاج کرنیوالے کاشتکاروں کو پولیس نے لاٹھی چارج کا نشانہ بنا ڈالا۔ حالات بگڑنے پر اسسٹنٹ کمشنر نے کسانوں کو معاوضہ ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی تو انہوں نے احتجاج ختم کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق قطری شہزادوں کا شوق پاکستانی عوام کیلئے وبال جان بن گیا۔ تلور کے شکار کے دوران شہزادوں کی بھاری بھرکم گاڑیوں نے بھکر میں سینکڑوں ایکڑ پر پھیلی چنے کی فصلیں تباہ کر دیں۔ متاثرہ کاشتکار احتجاج کے لئے نکلے تو پولیس نے لاٹھیاں تھام لیں۔

تلور کے شکار کیلئے قطری شہزادے کئی روز سے بھکر میں خیمہ زن ہیں اور شاہی شان و شوکت کیساتھ جہاں پرندوں کے شکار کا شوق پورا کیا جا رہا ہے وہیں محنت سے اُگائی فصلیں بھی روندی جا رہی ہیں جس کیخلاف ماہنی گاؤں اور دیگر علاقوں کے کاشتکار احتجاج کیلئے نکل پڑے اور حکومت کیخلاف نعرے بازی کی۔ کاشت کاروں کو قطری شہزادوں کے شوق کی راہ میں حائل ہوتے دیکھ کر پولیس آپے سے باہر ہوگئی اور مظاہرین پر لاٹھی چارج شروع کر دیا۔ مظاہرین نے شکار کیلئے قائم کی گئی خیمہ بستی کے گھیراؤ کی دھمکی دی تو حالات بگڑتے دیکھ کر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر مذاکرات کیلئے آئے اور متاثرہ کسانوں کو معاوضے کی ادائیگی کا یقین دلایا جس پر مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا۔
خبر کا کوڈ : 590267
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش