QR CodeQR Code

عمران خان کا موقف ہر لمحے بدلتا ہے جو انتشار پر مبنی ہے، مریم اورنگزیب

10 Dec 2016 21:28

اسلام ٹائمز: میڈیا سے گفتگو میں وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پہلے دن سے عمران خان نے تحقیقاتی کمیشن بنانے کی بات کی، لیکن اب اس سے مکر گئے ہیں۔ اسلام آباد کو لاک ڈاون کمیشن بنانے کے لئے کیا جا رہا تھا مگر سپریم کورٹ میں جا کر انہوں نے انکار کر دیا۔ عمران خان کا موقف اداروں کو کمزور کرنا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہم پچیس سال سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔ عمران خان کا موقف ہر لمحے بدلتا ہے جو انتشار پر مبنی ہے۔ بلاول اپنے مطالبات سندھ حکومت کو پیش کریں تو سندھ حکومت بہتری کی طرف جا سکتی ہے۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے انٹرنیشنل ماؤنٹین فلم فیسٹیول 2016ء کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تفریح کے لئے عوام کو مواقع فراہم کرنا حکومت کی ضرورت ہے۔ فلم انڈسٹری زوال کا شکار ہے۔ آرٹسٹ اور فلم انڈسٹری کے لئے تین سال کا پروگرام بنایا ہے۔ فنکاروں کے لئے وزیراعظم فنڈ اور ایوارڈ کا جلد اعلان کریں گے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان میں حالات کی بہتری سے سیاحت کو فروغ ملا ہے۔ ایک سوال پر وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پرویز رشید کے الفاظ نون لیگ کی ترجمانی کرتے ہیں۔ آنے والے دنوں میں پرویز رشید میڈیا کے ساتھ اپنی بات چیت جاری رکھیں گے، مریم اورنگزیب نے کہا کہ ڈان لیکس کی تحقیقات چل رہی ہیں۔

پی ٹی آئی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کا موقف ہر لمحے بدلتا ہے، جو انتشار پر مبنی ہے۔ پانامہ معاملے پر پہلے دن سے عمران خان نے تحقیقاتی کمیشن بنانے کی بات کی، لیکن اب اس سے مکر گئے ہیں۔ اسلام آباد کو لاک ڈاون کمیشن بنانے کے لئے کیا جا رہا تھا مگر سپریم کورٹ میں جا کر انہوں نے انکار کر دیا۔ عمران خان کا موقف اداروں کو کمزور کرنا ہے۔ عوام کی عدالت میں فیصلہ اس کے حق میں ہوگا، جو ان کی بہتری کی بات کرے گا۔ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا تعلق سیاسی گھرانے سے ہے، مگر ابھی وہ کم عمر ہیں۔ بلاول اپنے مطالبات سندھ حکومت کو پیش کریں تو سندھ حکومت بہتری کی طرف جا سکتی ہے۔ اگر سندھ حکومت ان کی بات نہ سنے تو وزیراعظم کو شکایت کریں، ان کی شکایت کا ازالہ ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 590501

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/590501/عمران-خان-کا-موقف-ہر-لمحے-بدلتا-ہے-جو-انتشار-پر-مبنی-مریم-اورنگزیب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org