QR CodeQR Code

امریکہ تکفیری دہشتگردوں کی بیخ کنی نہیں کرنا چاہتا بلکہ ان میں سے بعض کو اپنے آئندہ اہداف کیلئے بچاکر رکھنا چاہتا ہے

امریکہ اسلامی ممالک کی خود مختاری کا مخالف ہے، امریکیوں پر ہرگز اعتماد نہیں کرنا چاہیے، سید علی خامنہ ای

11 Dec 2016 16:22

اسلام ٹائمز: تہران میں عراقی علماء سے ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی نے عراق کے مستقبل کو تابناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ عراق کی ترقی و پیشرفت ایران کے مفاد میں ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان زیادہ سے زیادہ ہم آہنگی بھی دونوں کیلئے سود مند ہے۔ انہوں نے نیشنل عراقی الائنس کے قیام کو خوش آئند اور اہم واقعہ قرار دیتے ہوئے، اتحاد و یکجہتی کی بنیادوں کو مضبوط اور پائیدار بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔


اسلام ٹائمز۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکہ اسلامی ممالک کی خود مختاری کا مخالف ہے اور اس کی ظاہری مسکراہٹوں کے فریب میں نہیں آنا چاہیے۔ تہران میں عراق کے سرکردہ سیاستداں اور نیشنل عراقی ایلائنس کے سربراہ سید عمار حکیم اور ان کے ہمراہ وفد کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ اپنے ظاہری دعوؤں کے برخلاف، امریکہ تکفیری دہشت گردوں کی بیخ کنی کرنا ہی نہیں چاہتا بلکہ اس بات کی کوشش کر رہا ہے کہ ان میں سے بعض دہشت گردوں کو اپنے آئندہ اہداف کے لئے بچا کے رکھا جائے۔ آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے داعش کے ذریعے، عراقی تیل کی فروخت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت امریکی محض آئل ٹینکروں کی قطاریں دیکھ رہے تھے، لیکن انہوں نے کبھی انہیں نشانہ نہیں بنایا، بنابرایں امریکیوں پر ہرگز اعتماد نہیں کرنا چاہیے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے عراق کے مستقبل کو تابناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ عراق کی ترقی و پیشرفت ایران کے مفاد میں ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان زیادہ سے زیادہ ہم آہنگی بھی دونوں کے لئے سود مند ہے۔ آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے نیشنل عراقی الائنس کے قیام کو خوش آئند اور اہم واقعہ قرار دیتے ہوئے، اتحاد و یکجہتی کی بنیادوں کو مضبوط اور پائیدار بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ اس الائنس کے سربراہ، اہم ارکان اور اس میں شامل تمام جماعتوں پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں، کیونکہ ان کے فیصلے اور اقدامات، نہ صرف عراق بلکہ پورے خطے اور اسلامی دنیا پر بھی اپنے اثرات مرتب کریں گے۔ آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے عراق میں قائم ہونے والی حکومتوں کی حمایت کو اس الائنس کی اہم ترین ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اتحاد و یکجہتی کے ذریعے نیشنل عراقی الائنس کے اہداف کی تکمیل ہوسکتی ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اپنی گفتگو کے اختتام پر، چہلم امام حسین علیہ السلام میں شریک زائرین کی مہمان نوازی پر عراقی عوام اور اعلٰی عہدیداروں کی قدردانی کرتے ہوئے، اربعین ملین مارچ کو دور حاضر کی اہم ترین اور بے مثال روداد قرار دیا۔ نیشنل عراقی الائنس کے سربراہ سید عمار حکیم نے اس موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے عراقی حکومت اور عوام کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی رضاکار فورس، حشدالشعبی کے قیام کی پارلمینٹ سے منظوری، نیشنل عراقی ایلائنس کی کوششوں کا اہم ترین نتیجہ ہے، جس کی شیعہ اور سنی دونوں جماعتوں نے حمایت کی ہے۔


خبر کا کوڈ: 590841

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/590841/امریکہ-اسلامی-ممالک-کی-خود-مختاری-کا-مخالف-ہے-امریکیوں-پر-ہرگز-اعتماد-نہیں-کرنا-چاہیے-سید-علی-خامنہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org