QR CodeQR Code

ریلوے نے تجاوزات سے خاتمے کیلئے سندھ حکومت اور رینجرز سے مدد مانگ لی

12 Dec 2016 11:34

اسلام ٹائمز: ٹریک کے اطراف میں قائم تجاوزات کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ مرتب کرلی گئی ہے، محکمہ داخلہ سندھ اس حوالے سے ریلوے حکام انسداد تجاوزات سیل اور سیکیورٹی اداروں کیساتھ مل کر پلان مرتب کریگا، تجاوزات کیخلاف آپریشن محکمہ ریلوے کریگا، جلد باضابطہ کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان ریلوے نے کراچی سے ٹنڈو آدم تک ریلوے ٹریک کے اطراف میں قائم تجاوزات کے خاتمے کیلئے حکومت سندھ اور پاکستان رینجرز سے سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے مدد طلب کر لی ہے، اس تجاوزات کے خاتمے کیلئے کئے جانے والے آپریشن کا مقصد پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کیلئے ریلوے ٹریک کو محفوظ بنانا ہے، تاکہ کارگو ترسیل کی بحفاظت منتقلی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ریلوے ذرائع کے مطابق پاکستان ریلوے نے اس حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ اور پاکستان رینجرز سندھ سے رابط کیا ہے اور سیکیورٹی کی فراہمی کی درخواست کی ہے، ٹریک کے اطراف میں قائم تجاوزات کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ مرتب کر لی گئی ہے، محکمہ داخلہ سندھ اس حوالے سے ریلوے حکام انسداد تجاوزات سیل اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر پلان مرتب کرے گا۔

تجاوزات کیخلاف آپریشن محکمہ ریلوے کرے گا، اس حوالے سے جلد باضابطہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ریلوے کی جانب سے رینجرز سے مدد طلب کیے جانے کی اطلاع پر کیماڑی، سٹی، کینٹ، کوٹری، حیدر آباد اور ٹنڈو آدم تک دیگر ریلوے کالونیوں میں غیر قانونی طور پر قائم مکانات میں رہائش پذیر افراد خوف کا شکار ہیں، جنھوں نے کرائے پر مکانات حاصل کرنے کیلئے کوششیں شروع کر دی ہیں۔ ریلوے ذرائع کاکہنا ہے کہ تجاوزات کرنے والوں کو حتمی وارننگ دی جا چکی ہے،اب جن افراد نے ازخود تجاوزات ختم نہیں کیں، ان کے خلاف آپریشن کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 590895

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/590895/ریلوے-نے-تجاوزات-سے-خاتمے-کیلئے-سندھ-حکومت-اور-رینجرز-مدد-مانگ-لی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org