0
Tuesday 13 Dec 2016 09:52

پاکستان کیساتھ بات چیت کرنا ناگزیر، پڑوسیوں کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا ہے، محبوبہ مفتی

پاکستان کیساتھ بات چیت کرنا ناگزیر، پڑوسیوں کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا ہے، محبوبہ مفتی
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کی کٹھ پتلی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ جنگ کسی مسئلہ کا حل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر اگرچہ بھارت کا تاج ہے لیکن برصغیر کی تقسیم کا سب سے زیادہ خمیازہ بھی اسی کو بھگتنا پڑا ہے، ہم کبھی بھی تقسیم کے حق میں نہیں تھے، تقسیم کے بعد بہت سارے مسائل پیدا ہوگئے ہیں جن کے حل کے لئے ہمیں سبھی کا تعاون درکار ہے۔ جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے یاد دلایا کہ پارلیمنٹ حملہ، کرگل جنگ اور اکساہٹ والی دیگر کارروائیوں سے قطع نظر اس وقت کے وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی نے جنگ کا متبادل نہیں چنا تھا کیوں کہ جنگ کسی مسئلہ کا حل نہیں ہے۔ جموں کشمیر کو وسطی ایشیاء کا اقتصادی گہوارہ بنانے کے لئے مزید آر پار پوائنٹ کھولے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اپنے پڑوسی نہیں بدل سکتے۔ ریاست میں دائمی امن کے قیام اور عوام کے بہتری کیلئے پڑوسی ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کو سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی اور اس وقت کے صدرِ پاکستان جنرل پرویز مشرف کے اس معاہدہ کا احترام کرنا چاہئے جس میں موخر الذکر نے بقول انکے وعدہ کیا تھا کہ وہ اپنی سرزمین پُرتشدد آمیز اور ہندوستان مخالف کارروائیوں کی اجازت نہیں دیں گے۔ سرینگر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان ہونے والے اس معاہدہ کے نتیجہ میں نہ صرف جموں کشمیر میں ملی ٹینسی میں کمی واقع ہوئی تھی بلکہ بات چیت کا سلسلہ بھی شروع ہوا تھا لیکن بدقسمتی سے یہ زیادہ دیر تک نہ چل سکا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کی بحالی سے نہ صرف کشیدگی میں کمی ہوگی بلکہ جموں کشمیر میں ترقی اور فلاح و بہبود کا نیا دور شروع ہوسکے گا۔
خبر کا کوڈ : 591215
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش