0
Thursday 15 Dec 2016 20:07

شریعت محمدی (ص) صبح قیامت تک نافذ رہے گی، ڈاکٹر قمرالاسلام

شریعت محمدی (ص) صبح قیامت تک نافذ رہے گی، ڈاکٹر قمرالاسلام
اسلام ٹائمز۔ بھارتی ریاست کرناٹک ضلع گلبرگہ کی مرکزی سیرت کمیٹی کے اہتمام سے آج 39واں سالانہ میلاد النبی (ص) جلوس نکالا گیا، جلوس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیرت کمیٹی کے صدر و گلبرگہ اسمبلی کے رکن ڈاکٹر قمر الاسلام نے کہا کہ ہم سب مسلمانوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ دین اسلام کی تعلیمات دیگر اقوام تک پہنچائیں، انہوں نے کہا کہ دنیا میں اللہ تعالیٰ نے انسانوں کی رہبری کیلئے ایک لاکھ 24 ہزار پیغمبروں کو بھیجا۔ توریت، زبور اور انجیل جیسی آسمانی کتابیں بھی اُتاریں لیکن اللہ تعالیٰ نے حضرت محمد مصطفےٰ (ص) کو آخر نبی بنا کر بھیجا اور آپ کی شریعت صبح قیامت تک نافذ رہے گی۔ اس موقعہ پر مرکزی سیرت کمیٹی کے نائب صدر ڈاکٹر محمد اصغر نے اپنے خطاب میں کہا کہ گلبرگہ سے نکالے جانے والا میلاد النبی (ص) کا یہ جلوس جنوبی ہندوستان کا سب سے قدیم میلاد جلوس ہے جو ضلع گلبرگہ سے پچھلے 38 سالوں سے مسلسل نکالا جارہا ہے، جس میں لاکھوں عاشقان رسول اللہ (ص) کلمہ طیبہ کے پرچم تلے جمع ہو کر اپنے عشق محمدی (ص) کا ثبوت دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے اس جلوس میلاد النبی (ص) میں شریک انسانی سروں کا یہ ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ یہ مسلمان شریعت محمدی (ص) میں مداخلت ہرگز برداشت نہیں کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی زیر قیادت بھاجپا حکومت یا دیگر فرقہ پرست و فاشسٹ قوتیں لاکھ کوشش کر لیں وہ کبھی شریعت محمدی (ص) میں مداخلت میں کامیاب نہیں ہونگے۔ اس دوران ڈپٹی کمشنر گلبرگہ اجول کمار گھوش نے ضلع انتظامیہ کی طرف سے مسلمانوں کو عید میلاد النبیؐ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان حضرت محمد مصطفیٰ (ص) کی تعلیمات اپنے ہم وطن ہندو بھائیوں اور بہنوں تک پہنچائیں تاکہ اسلام کے تعلق سے غلط فہمیاں دور ہوسکیں۔
خبر کا کوڈ : 591977
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش