0
Tuesday 20 Dec 2016 17:16

دینی مدارس کے طلبہ کو دینی علوم کے ساتھ عصری علوم سے بھی آراستہ کیا جائے، وزیر مذہبی امور کے پی کے

دینی مدارس کے طلبہ کو دینی علوم کے ساتھ عصری علوم سے بھی آراستہ کیا جائے، وزیر مذہبی امور کے پی کے
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے وزیر زکوٰۃ، اوقاف و مذہبی امور حاجی حبیب الرحمٰن نے محکمہ اوقاف کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ عصری اور دینی علوم پر مشتمل ماڈل دینی مدارس کا قیام ان کا وژن ہے اور ضلع بونیر کے بعد لوئر دیر، اپر دیر اور حویلیاں میں بھی فوری طور پر ایسے مدارس کا قیام عمل میں لایا جائے، تاکہ دینی مدارس کے طلبہ کو دینی علوم کے ساتھ عصری علوم سے بھی آراستہ کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے منگل کے روز ماڈل دینی مدرسہ ضلع بونیر اور محکمہ اوقاف کے افسران کے ایک مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ حاجی حبیب الرحمٰن نے مذکورہ مدرسہ کے اساتذہ اور سٹاف کو تاکید کی کہ وہ طلباء کو علوم کی فراہمی میں وسائل کی کمی کو آڑے نہ آنے دیں، اپنی توجہ ان کی تعلیم و کردار سازی پر مرکوز رکھیں اور پوری ایمانداری کے ساتھ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں سرانجام دیں، تاکہ ماڈل مدرسہ حقیقی معنوں میں ایک ماڈل درسگاہ ثابت ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ مدرسے میں کمپیوٹر کی تعلیم کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے، کیونکہ جدید دور میں کمپیوٹر کی تعلیم کی بڑی اہمیت ہے اور چھوٹی عمر کے طلبہ کمپیوٹر کی تعلیم میں بہت جلد مہارت حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ مدرسے میں سینیئر سائنس ٹیچر کی آسامی کو میرٹ کی بنیاد پر فی الفور پر کریں، تاکہ مدرسہ کے اساتذہ پوری مستعدی کے ساتھ اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔ اجلاس میں ماڈل دینی مدرسہ ضلع بونیر کے مالی سٹاف کے ٹی اے ڈی اے اور دیگر انتظامی امور بھی زیر غور آئے۔ قبل ازیں حاجی حبیب الرحمٰن کو ماڈل دینی مدرسہ بونیر کے پرنسپل زین ابرار نے مدرسے کی نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، جس پر صوبائی وزیر نے اطمینان کا اظہار کیا۔
خبر کا کوڈ : 593175
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش