QR CodeQR Code

آج رسول اکرم (ص) اور اولیا اللہ سے محبت کے عملی مظاہرے کی ضرورت ہے، پروفیسر حمید سہروردی

20 Dec 2016 21:59

اسلام ٹائمز: آل انڈیا انجمن ترقی اردو کے صدر برائے ضلع گلبرگہ نے بھارتی ریاست کرناٹک میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اولیا اللہ سے عقیدت اور محبت بھی اللہ کی طرف سے عطا کی جاتی ہے، اس کے لئے ہمیں آپسی اخوت و ہم دلی اور بھائی چارگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ بھارتی ریاست کرناٹک میں آل انڈیا انجمن ترقی اردو کے صدر برائے ضلع گلبرگہ پروفیسر حمید سہروردی نے بھارت کے ممتاز شاعر ڈاکٹر وحید انجم کے مجموعۂ منقبت ’’شانِ اولیاء‘‘ کی رسم اجرائی کی تقریب میں صدارتی خطاب کے دوران کہا کہ ہم رسول اکرم (ص) سے محبت کے دعوے دار ہیں، اولیائے اکرام کے عاشق کہلاتے ہیں۔ اپنی محبت اور وابستگی کے اظہار کے باوجود ہم اتباعِ سنت اور اولیاءِ اللہ کی تعلیمات پر عمل کی طرف متوجہ نہیں ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اولیاءِ کرام نے اپنے عمل اور اخلاق حسنہ کے ذریعہ خلق اللہ کی خدمت کی ہے اور انہیں اسلام کی طرف راغب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم بھی اعمالِ صالحہ اور اخلاقِ حسنہ سے خود کو آراستہ کریں۔ اولیاء اللہ سے محبت کا تقاضا یہی ہے کہ ہم اپنا تزکیہ نفس کریں اور اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کے لئے ان کی ریاضت پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ تقدیسی شاعری کے ذریعہ بھی معاشرے کی اصلاح کی جاسکتی ہے۔ پروفیسر حمید سہروردی نے کہا کہ اولیا اللہ سے عقیدت اور محبت بھی اللہ کی طرف سے عطا کی جاتی ہے، اس کے لئے ہمیں آپسی اخوت و ہم دلی اور بھائی چارگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ متفرق اور منتشر معاشرے کو اللہ کی جانب سے کوئی نعمت عطا نہیں کی جاتی ہے۔ ہمیں متحد ہونا ہوگا تاکہ ہمیں اللہ تعالیٰ اپنی نعمتوں سے نوازیں اور تب ہم رسول اکرم (ص) اور اولیاء کرام کی تعلیمات پر چل سکیں گے۔


خبر کا کوڈ: 593210

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/593210/ا-ج-رسول-اکرم-ص-اور-اولیا-اللہ-سے-محبت-کے-عملی-مظاہرے-کی-ضرورت-ہے-پروفیسر-حمید-سہروردی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org