0
Tuesday 20 Dec 2016 20:31

پاکستان کے 93 فیصد عوام ملک میں شریعت کا نفاذ چاہتے ہیں، اسلام پسند عوام پر مغرب کے ذہنی غلام مسلط ہیں، لیاقت بلوچ

پاکستان کے 93 فیصد عوام ملک میں شریعت کا نفاذ چاہتے ہیں، اسلام پسند عوام پر مغرب کے ذہنی غلام مسلط ہیں، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ نیب اور ایف آئی اے کے پاس کرپشن کے 170 میگا سکینڈلز ہیں، عوام کا اعتماد حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ ان کیسز کو جلد از جلد نمٹایا جائے اور قومی دولت لوٹنے والوں سے ایک ایک پائی وصول کی جائے، مقدمات کو چیونٹی کی چال آگے بڑھتے ہوئے دیکھ کر عوام کے اندر بے چینی پیدا ہو رہی ہے۔ کرپٹ عناصر نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا اور عالمی برادری میں بدنام کیا مگر نیب اور ایف آئی اے لٹیروں کے کرتوتوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔ پاکستان کے اسلامی تشخص کی حفاظت کی ذمہ داری اپنی جان سے بڑھ کر عزیز ہے۔ ملک کو سیکولر اور بے دین ریاست بنانے کے خواب دیکھنے والے ناکام و نامراد رہیں گے۔ پاکستان کے 93 فیصد عوام ملک میں شریعت کا نفاذ چاہتے ہیں، اسلام پسند عوام پر مغرب کے ذہنی غلام مسلط ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جاری مرکزی تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سید لطیف الرحمن شاہ بھی موجود تھے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم اور ان کے خاندان نے عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی، وزیراعظم کو نااہل قرار دلوانے کیلئے جو پارٹی بھی جدوجہد کرے گی، ہم اس کا خیر مقدم کریں گے۔ لیکن ہم صرف حکمران خاندان کے احتساب کی بات نہیں کرتے، ہمارا پہلے دن سے مطالبہ ہے کہ پانامہ لیکس میں جن 470 لوگوں کے نام آئے ہیں، انہیں احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اور اسلامی قیادت کے خلاف بغض رکھنے اور سیکولرازم کے خواب دیکھنے والوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ کسی دینی جماعت کے کارکن کے خلاف کرپشن کا کوئی کیس ہے نہ ان کے نام پانامہ سمیت کسی لیکس میں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری کی ملک میں آمد کی باتیں ہو رہی ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ انہیں پاکستان میں بیٹھ کر اپنی سیاست کو آگے بڑھانا چاہئے، پیپلزپارٹی کی قیادت جس نے سندھ اسمبلی سے خلاف آئین و شریعت قانون پاس کروایا، اسے اللہ سے معافی مانگ کر یہ قانون واپس لینا چاہئے۔
خبر کا کوڈ : 593236
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش