0
Wednesday 21 Dec 2016 22:51

پاک ایران سرحد پر 2 کروڑ روپے کی لاکت سے تعمیر ہونیوالے "بابِ پاکستان" کا افتتاح

پاک ایران سرحد پر 2 کروڑ روپے کی لاکت سے تعمیر ہونیوالے "بابِ پاکستان" کا افتتاح
اسلام ٹائمز۔ پاک ایران سرحد پر تعمیر ہونے والے جدید سہولتوں سے لیس "بابِ پاکستان" کا افتتاح کر دیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کوئٹہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے پاک ایران سرحد پر تفتان کے مقام پر تعمیر ہونے والے نئے گیٹ کا افتتاح کیا۔ پاکستان گیٹ کی تعمیر سے تفتان میں بارڈر ٹرمینل کی تعمیر کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا، جس کا آغاز 16 جولائی 2016ء میں ہوا تھا۔ بارڈر ٹرمینل کی تعمیر دو گیٹس کی تیاری پر مشتمل تھی، جن میں سے پہلا گیٹ زیرو لائن پر جبکہ دوسرا یادگاری گیٹ پاکستانی حدود میں سرحد سے 200 میٹر اندر اونچے مقام پر تعمیر کیا گیا، جو سرحد کے دونوں اطراف سے دو کلومیٹر دور سے بھی نظر آجاتا ہے۔ باب پاکستان پر جدید سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں جبکہ متعلقہ دستاویزات کی تصدیق کے لئے نادرا کا سسٹم بھی نصب کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ محکمہ کسٹمز، ایف آئی اے اور امیگریشن کے دفاتر بھی قائم کئے گئے ہیں، جبکہ کئی تہوں پر مشتمل سکیورٹی کا بندوبست کیا گیا ہے، جس میں لیویز اور فرنٹیئر کور تعینات ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ پروجیکٹ کا دوسرا مرحلہ بھی جلد شروع کر دیا جائے گا، جس میں ایران جانے والے زائرین و دیگر مسافروں کے لئے آرام گاہ اور تجارتی سرگرمیوں کا انتظام چلانے کے لئے این ایل سی یارڈ کی تعمیر شامل ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ سرحدی راستہ ایران اور یورپ سے تجارت کے لئے استعمال ہونے والا قدیم ترین ہے، جبکہ ہر سال ہزاروں ملکی و غیر ملکی مسافر جو براستہ سڑک یورپ اور ایران سے سفر کرتے ہیں، اسی راستے سے اسلامی جمہوریہ پاکستان میں داخل ہوتے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان کی ایران سمیت دیگر ممالک کے ساتھ 900 کلو میٹر طویل سرحد ہے، جبکہ ان پڑوسی ممالک سے 2014ء میں سکیورٹی کے حوالے سے تعاون بڑھانے اور سرحد سے دہشت گردوں کے خاتمے کا فیصلہ ہوا تھا۔ یاد رہے کہ پاک  افغان سرحد طورخم پر گیٹ کی تعمیر کے معاملے کے بعد پاکستانی حکام نے غیر قانونی تجارت کے خاتمے کے لئے ایران کی سرحد پر تفتان کے مقام پر گیٹ کی تعمیر شروع کر دی تھی، ضلع چاغی میں تفتان کے مقام پر "پاکستان گیٹ" کا سنگ بنیاد رواں برس ہی رکھا گیا تھا۔ ایران پہلے ہی اپنی حدود میں صوبہ سیستان بلوچستان کے دارالحکومت زاہدان میں میر جاوا کے مقام پر گیٹ تعمیر کرچکا ہے اور پاکستان سے مطالبہ کر رہا تھا کہ وہ بھی اس طرح کا گیٹ اپنی جانب تعمیر کرے۔ ایران نے پاکستان کے ساتھ اپنی سرحد کے مختلف مقامات پر 10 فٹ اونچی فصیلیں بھی تعمیر کر رکھی ہیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے بلوچستان کے علاقے تفتان میں پاکستان گیٹ کا افتتاح کر دیا۔ تفتان میں پاکستان گیٹ کی افتتاحی تقریب میں اعلٰی سول اور فوجی حکام شریک تھے، پاکستان گیٹ کو بلوچستان کسٹمز نے دو کروڑ روپے کی لاکت سے تعمیر کروایا تھا اور گیٹ کا مقصد سفری اور تجارتی نقل و حرکت کو مربوط بنانا ہے۔ اس موقع پر تفتان میں سخت سکیورٹی کا انتظام کیا گیا تھا، عام آدمی سمیت صحافیوں کو بھی کوریج کی اجازت نہیں دی گئی۔
خبر کا کوڈ : 593582
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش