QR CodeQR Code

مسلمان دشمنانِ اسلام کی سازشوں اور ہماری غفلتوں کیوجہ سے اسوۂ رسول (ص) سے دور ہوتے جا رہے ہیں، مولانا یامین قاسمی

22 Dec 2016 14:37

اسلام ٹائمز: آج ممبئی میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جمعیت علماء ہند ضلع مہاراشٹرا کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی زندگی کا ہر لمحہ سنت نبوی (ص) کے انداز میں ڈھالنے کی کوشش کرنی چاہیے۔


اسلام ٹائمز۔ بھارتی شہر ممبئی میں جمعیت علماء ہند ضلع مہاراشٹرا کے اہتمام سے آج ایک سیرت البنی (ص) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں دارالعلوم دیوبند کے رہنما مولانا محمد یامین قاسمی نے خطاب کیا، ان کا کہنا کہ ہمارے آقا حضرت محمد مصطفیٰ (ص) کی عظمت و جلالت اللہ تعالیٰ کے کلام پاک میں موجود ہے، اللہ تعالیٰ نے ہمارے نبی اکرم (ص) کو ایک خاص امتیاز و شرف سے نوازا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے حضرت محمد (ص) کو سید الانبیاء اور خاتم الرسل منتخب کیا، آپ (ص) کی ذات گرامی کو دنیا والوں کے لئے مثالی نمونہ قرار دیا۔ پھر اپنے رسول مقبول (ص) کے ذریعہ سے انسانیت پر اپنے تمام احسانات و انعامات کا اعلان فرمایا کہ آج کے دن تمہارے دین کو میں نے مکمل کر دیا، میں نے تم پر اپنا انعام تمام کر دیا اور میں نے اسلام کو تمہارا دین کے طور پر پسند کیا۔ مولانا محمد یامین قاسمی نے کہا کہ آج مسلمان دشمنان اسلام کی سازشوں اور خود ہماری غفلتوں کی وجہ سے نبی اکرم (ص)  کے اسوہ سے دن بدن دور ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں عوام اور تعلیم یافتہ طبقہ کو رسول اللہ (ص) کی پاکیزہ سیرت کا گہرائی کے ساتھ مطالعہ کرنے اور اس پر عمل کرنے کی تلقین کی۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جمعیت علماء ہند ضلع مہاراشٹرا کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی زندگی کا ہر لمحہ سنت نبوی (ص) کے انداز میں ڈھالنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی تخلیق کا مقصد رضائے الٰہی حاصل کرنا ہے اور اللہ کی رضا نبی پاک (ص) کی سنت اختیار کرنے سے حاصل ہوسکتی ہے، انہوں نے بھاجپا کی جانب سے یکساں سیول کورڈ کے نفاذ اور تحفظِ شریعت کے حوالے سے کہا کہ مسلمان سب کچھ برداشت کرسکتا ہے لیکن جب اسلام اور شریعتِ مقدسہ کی بات آجائے تو مسلمان اس پر ذرہ برابر آنچ آنے کو بھی برداشت نہیں کرسکتا ہے۔ انہوں نے آخر میں کہا کہ جمعیت علماء ہند ضلع مہاراشٹرا کی جانب سے منعقدہ پہلے مرحلہ کے دس روزہ اصلاحِ معاشرہ و سیرت النبی (ص) کے پروگرام کا یہ آخری مرکزی اجلاس ہے۔ اس اجلاس میں علماء کرام، ائمہ مساجد اور طلاب کے علاوہ بڑی تعداد میں عوام شریک تھی۔


خبر کا کوڈ: 593606

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/593606/مسلمان-دشمنان-اسلام-کی-سازشوں-اور-ہماری-غفلتوں-کیوجہ-سے-اسوہ-رسول-ص-دور-ہوتے-جا-رہے-ہیں-مولانا-یامین-قاسمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org