QR CodeQR Code

حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان لفظی جنگ کا تماشا زیادہ دیر نہیں چلنے والا، حلیم عادل شیخ

22 Dec 2016 19:46

اسلام ٹائمز: عادل ہاؤس سے جاری بیان میں پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ حکومت پر کرپشن کے الزامات لگانے کی بات کوئی صاف ستھرا شخص کرے تو اچھا لگے گا، پی پی والوں نے لوٹ لوٹ کر اس ملک کی عوام کو کنگال کردیا ہے، وہ کس طرح سے نواز لیگ کی کرپشن کی بات کررہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان لفظی جنگ کا تماشا زیادہ دیر نہیں چلنے والا، پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ چیخنے چلانے سے ان کی ڈوبتی کشتی کو سہارا مل جائے گا، عوام کو کیا مل سکا ہے پیپلز پارٹی اور نواز لیگ باری باری اقتدرا میں آتی رہی، حکومت نے اپنے لیے مسائل کے پہاڑ اپنی غلط حکمت عملیوں کی وجہ سے کھڑے کئے ہیں، پیپلز پارٹی کو اچانک عوام کے مسائل کس طرح یاد آنے لگے، ساڑھے تین سالوں تک حکومت کے ساتھ مفاہمت کی سیاست کو کیوں جاری رکھا گیا اس کا بھی جواب دیا جائے۔ عادل ہاؤس سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ لوگ عوام کی روٹی روزی اور آبرو کے دشمن ہیں، یہ صرف عوام کے پاس انتخابات کے قریب آتے ہیں، حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں نے اس ملک کی عوام کا جس انداز میں جینا حرام کر رکھا ہے، یہ حالات وزیراعظم سے کوئی ڈھکے چھپے نہیں ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے اس ملک کی عوام کو شعور دیا ہے، انہیں بتایا ہے کہ اس ملک کی نگہبانی کے لیے ان کے حق میں کون اچھا ہے اور کون ایسے ہیں جو ان سے جھوٹ بول کر ووٹ حاصل کرتے ہیں اور بعد میں ان کی ہی جیبوں کا صفایا کرکے ملک سے بھاگ جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی وزیروں کے گھسے پٹے بیانات سن سن کر قوم تنگ آچکی ہے، ان لوگوں نے عوام کا امن و سکون تباہ و برباد کردیا ہے، اس پر جس ڈھٹائی سے یہ آئے روز پریس کانفرنسوں پر اپنے دکھ درد کی کہانیاں سنا رہے ہوتے ہیں، اسے اس ملک کے لوگ اب جھوٹ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پر کرپشن کے الزامات لگانے کی بات کوئی صاف ستھرا شخص کرے تو اچھا لگے گا، پی پی والوں نے لوٹ لوٹ کر اس ملک کی عوام کو کنگال کردیا ہے، وہ کس طرح سے نواز لیگ کی کرپشن کی بات کررہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 593783

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/593783/حکومت-اور-پیپلز-پارٹی-کے-درمیان-لفظی-جنگ-کا-تماشا-زیادہ-دیر-نہیں-چلنے-والا-حلیم-عادل-شیخ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org