0
Thursday 22 Dec 2016 22:15

اے این پی کیجانب سے بشیر احمد بلور کی برسی کو سرکاری سطح پر منانے کا مطالبہ

اے این پی کیجانب سے بشیر احمد بلور کی برسی کو سرکاری سطح پر منانے کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی نے شہید امن بشیر احمد بلور کی برسی کو سرکاری سطح پر منانے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ قوم کو شہید کی لازوال قربانی کو اپنے لئے مشعل راہ بنانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار اے این پی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے نمک منڈی چوک پشاور میں شہید بشیر احمد بلور کی چوتھی برسی کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اے این پی کے مرکزی سینیئر نائب صدر حاجی غلام احمد بلور، میاں افتخار حسین، سید عاقل شاہ، سردار حسین بابک، ایمل ولی خان اور ہارون بشیر بلور نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے بشیر احمد بلور شہید کی سیاسی زندگی اور قوم اور خطے میں امن کے قیام کیلئے ان کی لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا، صوبائی صدر امیر حیدر ہوتی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمارے درمیان بشیر احمد بلور شہید جیسے دلیر اور جرأت مند سیاستدان موجود ہیں، جو ملک اور قوم کی خاطر جان نچھاور کرنے اور پختون دھرتی پر امن کے قیام کیلئے اپنی قیمتی جان کا نذرانہ دینے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔ بشیر احمد بلور جیسے نڈر اور دلیر رہنما نے اپنی جان کا نذرانہ دیکر اپنے آپ کو تاریخ میں امر کر دیا ہے اور ثابت کر دیا ہے کہ باچا خان کے سچے پیروکار دھرتی کی حفاظت کیلئے کسی طرح کی قربانی دینے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتے۔

ہمیں ایسے عظیم لوگوں کی قدر کرنی چاہیے۔ بشیر بلور دہشتگردی کے خلاف ایک مؤثر آواز تھے۔ انہوں نے کہا کہ بشیر احمد بلور شہید نڈر، بے باک اور دہشتگردی کے خلاف سینہ سپر رہنے والے لیڈر اور اے این پی کا قیمتی اثاثہ تھے۔ وہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بشیر احمد بلور شہید کو اپنی عوام اور وطن سے حد درجہ محبت رکھتے تھے۔ اور وہ ان کی خاطر اپنی جان کی بھی پرواہ نہیں کرتے تھے، یہاں تک کہ خودکش دھماکے بھی ان کو عوام سے دور نہیں رکھ سکتے تھے۔ امن کے قیام کیلئے ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور وہ ضرور رنگ لائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور تاریخ کے اوراق میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی اور ایسے لیڈر کبھی نہیں مرتے بلکہ وہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بشیر احمد بلور شہید کی برسی امن دشمن قوتوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ بشیر احمد بلور ایک تحریک کا نام ہے انہوں نے اپنے وطن کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بشیر احمد بلور شہید نے حقیقی معنوں میں باچا خان کا سپاہی ہونے کا حق ادا کر دیا اور اپنے وطن سے محبت کا عملی ثبوت دیا۔ ان جیسے بہادر، نڈر، بے باک لیڈر کو صدیوں تک یاد رکھا جائیگا۔
خبر کا کوڈ : 593820
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش