0
Friday 23 Dec 2016 15:05

آصف زرداری کی آمد سے قبل انتہائی اہم ساتھی انور مجید کے دفاتر پر رینجرز کے چھاپے

آصف زرداری کی آمد سے قبل انتہائی اہم ساتھی انور مجید کے دفاتر پر رینجرز کے چھاپے
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی آمد سے قبل رینجرز نے ان کے انتہائی قریبی اور اہم ساتھی کے تین دفاتر پر چھاپے مار کر اہم خفیہ ریکارڈ اور اسلحہ برآمد کرکے 5 افراد کو گرفتار کر لیا، حراست میں لئے گئے افراد میں غیر ملکی خاتون بھی شامل ہیں، بتایا گیا ہے کہ اس دفتر میں رقوم کی منتقلی کا کاربار ہوتا تھا۔ تفصیلات کے مطابق رینجرز اہل کاروں نے کراچی کے تین اہم علاقوں میں سابق صدر مملکت آصف زرداری کے قریبی ساتھی انور مجید کی کمپنی کے تین دفاتر پر چھاپے اور کارروائیوں کے دوران اہم خفیہ ریکارڈ قبضے میں لے کر غیر ملکی خاتون سمیت چار افراد کو گرفتار کرلیا۔ رینجرز اہل کاروں کی جانب سے پہلی کارروائی آئی آئی چندریگر روڈ پر قائم عمارت میں کی گئی، جہاں انشورنس کمپنی جوبلی کا دفتر بھی واقع ہے، یہ کارروائی دفتر میں اسلحہ کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔

رینجرز ذرائع کے مطابق چھاپوں کے دوران اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے، تاہم رینجرز کی جانب سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔ دفتر پر چھاپے کے دوران اہم خفیہ ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ اس دفتر میں رقوم کی منتقلی کا کاروبار ہوتا تھا۔ کارروائی کے دوران غیر ملکی خاتون سمیت 3 افراد کو حراست میں لے کر اہم دستاویزات قبضے میں لی گئی ہیں اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے، جبکہ گرفتار افراد کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ہاکی اسٹیڈیم کے قریب دفتر میں کارروائی میں ایڈمن منیجر کاشف کو حراست میں لیا گیا۔ قانون نافذ کرنے والے ذرائع کے مطابق دوسری کارروائی نیشنل اسٹیڈیم کے قریب واقع دفتر پر کی گئی ہے اور وہاں سے بھی ایک شخص کو گرفتار کرکے ریکارڈ قبضے میں لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق تمام کارروائیاں خفیہ اطلاعات پر کی گئی ہیں، جبکہ ہاکی اسٹیڈیم کے قریب واقع عمارت پر بھی چھاپا مار کر ریکارڈ حاصل کیا گیا ہے۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق جن دفاتر پر چھاپا مارا گیا ہے، وہ سابق صدر آصف زرداری کے قریب ساتھی انور مجید کے ہیں، سیکیورٹی اہلکاروں کی ایک ٹیم انور مجید کی گرفتاری کیلئے ان کی رہائش پر روانہ ہو گئی ہے، جبکہ انور مجید کے قریبی ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب زرداری کے اہم دست راز اویس مظفر ٹپی کے قریبی ساتھی کی گرفتاری کیلئے بھی کلفٹن میں واقع فلیٹس اور بنگلوں پر چھاپے مار جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ آصف زرداری 18 ماہ کی خودساختہ جلاوطنی ختم کرکے آج چار بجے کراچی پہنچ رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 593928
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش