QR CodeQR Code

آصف زرداری ڈیڑھ سال بعد دبئی سے پاکستان واپس پہنچ گئے

23 Dec 2016 15:41

اسلام ٹائمز: سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر بلاول ہاؤس پہنچنے کے راستے کو خفیہ رکھا جا رہا ہے، بلاول ہاؤس پہنچنے کے بعد پارٹی اجلاس کی صدارت، 24 دسمبر کو ارکان اسمبلی سے ملاقات کرینگے،27 دسمبر کو اپنی اہلیہ اور سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی برسی کی تقریب سے خطاب کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری ڈیڑھ سال بعد دبئی سے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سابق صدر مملکت علی زرداری ڈیڑھ سال بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں، آصف علی زرداری کے خصوصی طیارے نے کراچی کے اولڈ ٹرمینل پر لینڈ کیا، جہاں ان کے استقبال کیلئے جیالوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ کارکنوں کی جانب سے بھنگڑے ڈالے جا رہے ہیں اور پارٹی ترانوں پر رقص کیا جا رہا ہے۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے مختلف علاقوں میں استقبالیہ کیمپس بھی لگائے گئے ہیں، جبکہ آصف علی زرداری کی وطن واپسی کے موقع پر اونٹوں اور بکروں کا صدقہ بھی دیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ سمیت پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے سابق صدر کا استقبال کیا۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر آصف زرداری کے بلاول ہاؤس پہنچنے کے راستے کو خفیہ رکھا جا رہا ہے۔ آصف زرداری بلاول ہاؤس پہنچنے کے بعد پارٹی رہنماؤں کے اجلاس کی بھی صدارت کریں گے۔ آصف زرداری 24 دسمبر کو پارٹی کے ارکان اسمبلی سے ملاقات کریں گے اور 26 دسمبر کو لاڑکانہ روانہ ہوں گے، جہاں وہ 27 دسمبر کو اپنی اہلیہ اور سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی برسی کی تقریب سے خطاب کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 593935

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/593935/ا-صف-زرداری-ڈیڑھ-سال-بعد-دبئی-سے-پاکستان-واپس-پہنچ-گئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org