0
Friday 23 Dec 2016 17:57

ہم شام نہیں بننا چاہتے، آئندہ دور پاکستان چین اور ہمارے خطے کا ہے، آصف زرداری

ہم شام نہیں بننا چاہتے، آئندہ دور پاکستان چین اور ہمارے خطے کا ہے، آصف زرداری
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے دوبارہ حکومت میں آنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دوبارہ ایوانوں میں آئیں گے اور حکومت بنائیں گے، مایوسی کا نہیں اُمید کا پروگرام لیکر آیا ہوں، سابق صدر مملکت نے وطن پہنچتے ہی پاکستان کھپے کا نعرہ بھی لگا دیا۔ تفصیلات کے مطابق اٹھارہ ماہ کی خود ساختہ جلا وطنی ختم کرکے سابق صدر مملکت آصف علی زرداری پھر کراچی پہنچ گئے ہیں، اولڈ ایئرپورٹ آمد پر سابق صدر مملکت نے کارکنوں اور جیالوں سے مختصر خطاب کیا، مگر ایک بار پھر اپنے خطاب کا آغاز پاکستان کھپے کے نعرے لگا کر کیا۔ آصف زرداری نے کہا کہ شہید بی بی اور ذوالفقار بھٹو ہمارے ساتھ ہیں، ہمارا پاکستان بالکل محفوظ ہے، ہمارے بارڈرز پر مسائل ضرور ہیں، ہم لیکر رہیں گے کشمیر، کشمیری پاکستان کے جھنڈے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، ہمارے دونوں بارڈرز پر شرپسندوں نے تکلیف دی ہوئی ہے، ہمارے پاس جمہوریت ہے جو طول چل رہی ہے، کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آج کرسی پر کون ہے اور کل کون ہوگا، اب دنیا کیمرے اور سوشل میڈیا میں آچکی ہے، اب ٹی وی کا دور بھی ختم ہو رہا ہے، آئندہ دور پاکستان، چین اور ہمارے خطے کا ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ ایک دن آئے گا کہ ہم پھر حکومت کریں گے، ہمارا پاکستان بالکل محفوظ ہے، آج کے بچے کو استاد کم اور گوگل زیادہ پڑھاتا ہے، جب ملک سے گیا تو کہا گیا کہ یہ بھاگ گیا، ان کے ذہنوں سے یہ فطور نہیں جاتا، ہم تو دفن بھی گڑھی خدا بخش میں ہوں گے، میں جب بھی بیرون ملک گیا، تو کہا گیا کہ پاکستان سے بھاگ گیا ہوں، یہ بولنے والے سیاسی اداکار کیوں بھول گئے کہ ہم نے دفن بھی اسی زمین میں ہونا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جمہوریت کو آگے بڑھایا، کیونکہ اس کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، شہید ذوالفقار علی بھٹو کو بھی ان لوگوں نے شہید کیا، بے نظیر بھٹو نے کہا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے، بعد ازاں بے نظیر کو راولپنڈی میں شہید کر دیا گیا، تو ہم نے کہا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے، جمہوریت کا متبادل بہت خطرناک اور خوفناک ہے اور ہم شام نہیں بننا چاہتے، پاکستان کبھی ناکام ریاست نہیں ہوگا، جمہوریت کو کبھی ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے، اسی میں ہماری، پاکستان کی اور آنے والی نسلوں کی کامیابی ہے۔

اس موقع پر زرداری نے جیالوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کو یاد کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بی بی کا نظریہ امر ہے، اسے کوئی مٹا نہیں سکتا۔ خطاب کے اختتام پر ان کا کہنا تھا کہ 27 دسمبر کو دوبارہ ملاقات کروں گا اور خوشخبری دوں گا۔ واضح رہے کہ سابق صدر مملکت کے ہمراہ پیپلز پارٹی کے اہم رہنما رحمان ملک، بابر اعوان سمیت 7 مسافر طیارے میں زرداری کے ہمراہ وطن آئے ہیں، زرداری دبئی کے المکتوم ایئرپورٹ سے خصوصی طیارے "پی ٹی پی 555" کے ذریعے کراچی پہنچے، جہاں پارٹی کی سینیر قیادت نے ان کا استقبال کیا۔ سابق صدر مملکت نے اولڈ ٹرمینل کے لاؤنج میں پارٹی رہنماؤں سے ملاقات اور مشاورت کی، اس موقع پر سابق وزرائے اعظم راجا پرویز اشرف اوریوسف رضا گیلانی بھی موجود تھے، کاروانِ جمہوریت ٹرک پر پارٹی کے سینیر رہنماؤں کے جھرمٹ میں خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ آج بی بی بہت یاد آرہی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 593953
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش