0
Sunday 25 Dec 2016 08:08

ایم ڈبلیو ایم کے قومی وژن پر مبنی 3 سالہ منصوبے کو حتمی شکل دیدی گئی

ایم ڈبلیو ایم کے قومی وژن پر مبنی 3 سالہ منصوبے کو حتمی شکل دیدی گئی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مختلف شعبہ جات کا سالانہ اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں تنظیم کی مجموعی فعالیت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں جماعت کو درپیش مشکلات اور قومی استحکام کے حصول کے لئے مطلوبہ اہداف کی فوری تکمیل کے متعلق اہم امور پر خصوصی پیش رفت کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں تنظیم سازی، میڈیا، فلاح و بہبود اور تربیت سمیت دیگر شعبوں کی کارکردگی موثر بنانے کے لئے جامع اور فوری حکمت عملی مرتب کرنے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں قومی وژن پر مرتب کئے جانے والے تین سالہ پروگرام کو حتمی شکل دی گئی، جو تین حصوں پر مشتمل ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے ذرائع کے مطابق پروگرام کے نکات اور اہداف پر ضرورت کے مطابق باہمی مشاورت سے ردو بدل کی گنجائش موجود رہے گی، احتساب کو اس وژن میں امتیازی حیثیت حاصل رہے گی، تاکہ انفرادی کارکردگی اور مجموعی کارگزاری کو جانچا جا سکے۔ مرکزی سطح پر طے پائے جانے والا یہ پروگرام صوبائی اور ضلعی سطح پر بھی اسی انداز سے فعال کیا جائے گا، تاکہ زیادہ سے زیادہ نتائج حاصل کئے جا سکیں، علاقائی یونٹس کے لئے بھی اس میں خصوصی رہنمائی کے اصول وضع ہوں گے۔ اجلاس میں مرکزی اراکین کے علاوہ علامہ غلام حر شبیری، علامہ اقبال بہشتی، علامہ اصغر عسکری اور رائے علی رضا بھٹی نے مبصر کے طور پر شرکت کی۔ یاد رہے 27، 28 دسمبر کو ایم ڈبلیو ایم کی شوریٰ عالی کے اجلاس میں پروگرام کی منظوری دی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 594385
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش