QR CodeQR Code

رسول اللہ (ص) عالم انسانیت کیطرف رحمت اور نجات کا پیغام لیکر آئے ہیں، مقررین

25 Dec 2016 21:23

اسلام ٹائمز: سرینگر میں منعقدہ سیرت النبی (ص) کے ایک اجتماع سے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ آج کے دور کے قوانین بھی طاقتوروں، جابروں، ظالموں اور غاصبوں کو تحفظ فراہم کررہے ہیں۔ مظلوموں کی داد رسی کرنے کے لیے عملاً کوئی آئین اور قانون نہیں ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر تحریک حریت کے اہتمام سے سرینگر میں ایک پُروقار سیرتی اجتماع تمنعقد ہوا، اجتماع سے مولانا حافظ مدثر ندوی، مولوی فیاض احمد لون، اشفاق احمد خان اور عمر عادل ڈار نے خطاب کیا۔ جبکہ صدارت تحریک حریت کے سرینگر ضلع کے صدر راجہ معراج الدین نے انجام دی۔ سیرت النبی (ص) کے اجتماع سے خطاب میں مقررین نے سیرت رسول (ص) کی روشنی میں موجودہ حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حق و باطل کی کشمکش ازل سے جاری ہے، ہر دور میں حق کے علمبرداروں کو اور حق کی بات کہنے والوں کو باطل قوتوں کے ظلم و جبر، تشدد اور عذاب و عتاب کا شکار ہونا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جس عظیم پیغمبر کے امتی ہیں، آپ (ص) سراسر رحمت للعالمین ہیں۔ رسول اللہ (ص) عالم انسانیت کی طرف رحمت اور نجات کا پیغام لے کر آئے۔ آپ (ص) نے انسانیت کو کفر و ضلالت، برائی اور غلامی سے نجات حاصل کرنے کی تعلیم دی، مگر اس کے جواب میں طاغوتی پیروکاروں نے آپ پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے۔ انہوں نے کہا کہ باطل قوتوں نے حق کی آواز کو دبانے کے لئے ہر طرح کی طاقت اور قوت کا استعمال کیا، مگر پیغمبرِ انقلاب (ص) نے اپنا مشن جاری رکھتے ہوئے ہر طرح کی آزمائشوں کا مقابلہ کیا، یہاں تک کہ حق غالب آگیا اور دنیا میں نظامِ رحمت قائم ہوگیا۔ مقررین نے کہا کہ رسول نازنین (ص) کے وجود با برکت سے انسانیت کو کفر و ضلالت، جہالت، قتل و غارت، ظلم، جھوٹ، برائی، بد اخلاقی اور غلامی سے نجات مل گئی، دنیا میں عدل و انصاف، سچائی، دیانت داری اور انسانوں کی غلامی سے آزادی پر مبنی نظام اور ماحول فراہم ہوا۔

انہوں نے کہا کہ آج کے خود ساختہ نظریات اور نظاموں نے انسان کو بدترین غلامی میں مبتلا کیا ہوا ہے۔ آج طاقتور قوموں، نظاموں اور حکمرانوں نے کمزوروں کو پوری طرح دبائے رکھا ہے۔ انسانی حقوق کا گلا گھونٹ دیا گیا ہے۔ سیرت النبی (ص) کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آج کے دور کے قوانین بھی طاقتوروں، جابروں، ظالموں اور غاصبوں کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔ مظلوموں کی داد رسی کرنے کے لیے عملاً کوئی آئین اور قانون نہیں ہے۔ انہوں نے کہا غالب طاقتوں نے محکوموں اور کمزوروں کو غلام بنائے رکھا، مگر دنیا کی کوئی طاقت مظلوموں اور محکوموں کو انصاف فراہم نہ کر سکی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر جیسے متنازعہ خطے کی مثال سر فہرست ہے کہ بھارت نے تمام بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اُڑا کر جموں و کشمیر کو فوجی طاقت کی بنیاد پر غلام بنایا، گزشتہ 70 سال سے جموں کشمیر کی سر زمین پر قابض ہوتے ہوئے ظلم و جبر کی دلدوز اور دلخراش داستانیں رقم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کی گردنیں اپنا حق مانگنے کی پاداش میں گاجر مولی کی طرح کاٹی جا رہی ہیں، مگر دنیا خاموش تماشائی کا رول ادا کر رہی ہے۔ مقررین نے کہا کہ بھارتی مظالم کے باوجود عوام نے آزادی حاصل کرنے کا تہیہ کیا ہوا ہے اور انشاء اللہ ہم بھارت کی غلامی سے آزاد ہو کر رہیں گے۔


خبر کا کوڈ: 594570

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/594570/رسول-اللہ-ص-عالم-انسانیت-کیطرف-رحمت-اور-نجات-کا-پیغام-لیکر-آئے-ہیں-مقررین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org