0
Monday 14 Mar 2011 22:53

ریمنڈ کے سفارتی استثنیٰ کا کوئی سرٹیفکیٹ ہے تو اس کو ٹرائل کورٹ میں پیش کیا جائے،ہائیکورٹ

ریمنڈ کے سفارتی استثنیٰ کا کوئی سرٹیفکیٹ ہے تو اس کو ٹرائل کورٹ میں پیش کیا جائے،ہائیکورٹ
لاہور:اسلام ٹائمز۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ اعجاز احمد چودھری نے امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کے استثنیٰ کے حوالے سے دائر درخواستوں کو نمٹاتے ہوئے قرار دیا ہے کہ ٹرائل کورٹ ریمنڈ کے استثنیٰ کا فیصلہ کرے گی، عدالت نے حکم دیا ہے کہ ریمنڈ کے سفارتی استثنیٰ کا اگر کوئی سرٹیفکیٹ ہے تو اس کو ٹرائل کورٹ میں پیش کیا جائے، گزشتہ روز ڈپٹی اٹارنی جنرل نوید عنایت ملک نے عدالت کو بتایا کہ ریمنڈ ڈیوس کو امریکہ کی درخواست پر بزنس ویزا دیا گیا تھا، امریکن سفارتخانے کے وزارت خارجہ کو آگاہ کیا ہے کہ ریمنڈ کا اصل نام ریمنڈ ایلن ڈیوس ہے اور اس کے سرکاری ریکارڈ کو بدلنے کی کوشش نہیں کی گئی، امریکہ نے حکومت سے کہا ہے کہ ریمنڈ چونکہ سفارتی پاسپورٹ رکھتا ہے اس لئے اس کو رہا کیا جائے۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت سے کہا کہ جہاں تک امریکی شہری کے سفارتی استثنیٰ کا تعلق ہے تو عدالت اپنے گزشتہ حکم میں قرار دے چکی ہے کہ ریمنڈ کے استثنیٰ کا معاملہ جب اٹھایا جائے گا تو اس کا فیصلہ عدالت ہی کرے گی، ریمنڈ کے خلاف دو پاکستانیوں کے قتل کا ٹرائل ماتحت عدالت میں چل رہا ہے، انہوں نے عدالت کو مزید بتایا کہ وزارت خارجہ اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے اور وہ ریمنڈ کےخلاف جاری تحقیقات میں کوئی مداخلت نہیں کر رہی، ریمنڈ کے سفارتی استثنیٰ کے حوالے سے ریکارڈ سامنے نہیں آیا، مستقبل میں ایسی کوئی چیز سامنے آئی تو عدالت کو آگاہ کر دیا جائے گا، درخواست گزار اقبال جعفری نے عدالت سے استدعا کی کہ ریمنڈ کی اصلیت جاننے کیلئے اس کو پولی گراف میشن (جھوٹ پکڑنے والہ آلہ) سے گزارا جائے تاکہ اس کی اصلیت کا پتہ چل سکے۔
درخواست گزار اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ حکومت جان بوجھ کر تاخیری حربے اختیار کر رہی ہے، اگر ریمنڈ کے سفارتی استثنیٰ کے حوالے سے کوئی سرٹیفکیٹ ہے تو اس کو عدالت میں پیش کیا جائے، عدالت نے حکم دیا کہ اگر ریمنڈ کے سفارتی استثنیٰ کے حوالے سے کوئی سرٹیفکیٹ ہو تو اس کو ٹرائل کورٹ میں پیش کیا جائے، اظہر صدیق نے عدالت کو آگاہ کیا کہ میں نے سفارتی استثنیٰ کے ایکٹ کے خلاف درخواست دائر کی تھی جس کا ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا گیا جس پر فاضل چیف جسٹس نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ انتیس مارچ تک مذکورہ درخواست کا جواب عدالت میں پیش کیا جائے، عدالت نے ریمنڈ ڈیوس کے سفارتی استثنیٰ کے بارے میں دائر درخواستوں کو نمٹاتے ہوئے قرار دیا کہ ریمنڈ کے سفارتی استثنیٰ کا فیصلہ ٹرائل کورٹ کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 59518
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش