QR CodeQR Code

میاں نوازشریف نے آصف زرداری کا بھائی بن کر بھائی کے لئے وزارات اعلیٰ ہتھیائی،ظہیر الدین

14 Mar 2011 23:16

اسلام ٹائمز:پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا بھٹو خاندان کو پاکستان کا قاتل کہنے والوں نے ذاتی مفاد میں میثاق جمہوریت پر دستخط کئے، نثار اپنی "چودھر" کے لئے شریفوں کو ٹینشن میں رکھتے ہیں،چودھری برادران کی قیادت پر اظہار اعتماد کرتا ہوں اقلیتی وزیر اعلیٰ لوٹوں کی سرپرستی چھوڑ دیں ماحول ٹھیک ہو جائے گا


لاہور:اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے پارلیمانی لیڈر چودھری ظہیر الدین خاں نے کہا ہے کہ نواز شریف نے زرداری کا بھائی بن کر بھائی کے لئے پنجاب کی وزارت اعلیٰ ہتھیائی، بھٹو خاندان کو پاکستان کا قاتل کہنے والے میاں نواز شریف جنرل مشرف سے دس سال کی ڈیل اور اپنے ذاتی مفاد میں میثاق جمہوریت پر دستخط کر سکتے ہیں تو چودھری برادران جمہوری نظام کے تسلسل اور استحکام کے لئے پارلیمنٹ کے منتخب صدر سے ملاقات کیوں نہیں کر سکتے؟ نثار اپنی "چودھر" کے لئے "شریفوں" کو ٹینشن میں رکھتے ہیں اور انہیں ایک بار پھر "نثار" کر دینے کی منصوبہ بندی کر چکے ہیں۔ ق لیگ کو آمریت کی حمایت کا طعنہ دینے والے چودھری نثار اپنا اور اپنی قیادت کا ماضی مت بھولیں اور ہر دور میں خوامخواہ آئینی اداروں کے سربراہوں کا خود ساختہ ترجمان بن بیٹھنے کی عادت بدل لیں۔
وہ گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کا مینڈیٹ لوٹنے والوں کے منہ پر جمہوریت اور اخلاقیات کے لفظ نہیں جچتے۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی کی قیادت پر اظہار اعتماد کرتے ہوئے مسلم لیگی اراکین اسمبلی نے کہا کہ اقلیتی وزیر اعلیٰ لوٹوں کی سرپرستی چھوڑ دیں ماحول ٹھیک ہو جائے گا۔ وزیراعلیٰ اپنی قانونی اور اخلاقی حیثیت بحال کرنے کے لئے اعتماد کا ووٹ لیں۔ چودھری ظہیر الدین خاں نے کہا کہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ لوٹا بلاک گورنر راج کے دوران نہیں بلکہ اٹھارہ فروری کے انتخابی نتائج کے فوری بعد لوٹا فیکٹری کے ایک مکینک خواجہ احسان کو لوٹے بنانے کا مشن سونپ دیا گیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 59520

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/59520/میاں-نوازشریف-نے-آصف-زرداری-کا-بھائی-بن-کر-کے-لئے-وزارات-اعلی-ہتھیائی-ظہیر-الدین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org