0
Monday 14 Mar 2011 22:19

ریمنڈ ڈیوس عدالت سے تعاون کیوں نہیں کر رہا وقت آنے پر بتاﺅں گا، شاہ محمود قریشی

ریمنڈ ڈیوس عدالت سے تعاون کیوں نہیں کر رہا وقت آنے پر بتاﺅں گا، شاہ محمود قریشی
لاہور:اسلام ٹائمز۔ سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دنیا پاکستان کی مدد کرنا چاہتی ہے لیکن ضروری ہے کہ پاکستان میں اہل اور قابل لیڈر شپ ہو، اب کوئی مسیحا واشنگٹن سے آ کر پاکستانی قوم کی مدد نہیں کرے گا، بلکہ پاکستانی عوام کو خود اپنے مسائل کا حل تلاش کرنا پڑے گا، میرے موقف کے مطابق ریمنڈ ڈیوس کو سفارتی استثنیٰ حاصل نہیں۔ آج مفاہمت کی سیاست کی بجائے محاذ آرائی ہو رہی ہے، جیسا کہ پنجاب اسمبلی میں ہوا۔ بینظیر بھٹو شہید اور میاں نواز شریف کے میثاق جمہوریت پر عمل کرنے کی ضرورت ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہائی کورٹ بار کے وکلاء کے ایک بڑے اجتماع سے بار ہال میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔
 شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ اس وقت ملک کو بہت بڑے چلینجز کا سامنا ہے، جن میں تین مسائل سب سے زیادہ اہم ہیں جن میں ایک ریمنڈ ڈیوس کیس، دوسرا موجودہ سیاسی و انتظامی صورتحال اور تیسرا ریجنل حالات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکیوں کی جانب سے ریمنڈ کی رہائی کا مطالبہ ٹھیک نہیں، اس کے خلاف کریمنل کیس چل رہا ہے۔ معاملہ عدالت میں ہے میں زیادہ تبصرہ نہیں کروں گا۔ ایشو آف سیلف ڈیفنس کے معاملے پر بھی عدالت نے فیصلہ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا اور عوام بعض معاملات پر بحث نہیں کر رہے، جب عوام ڈیوس کے بارے میں بحث کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ دو معصوم پاکستانی شہریوں کو ہلاک کیا گیا، مگر اس کیس میں تیسرے پاکستانی کی ہلاکت کی بات نہیں کی جاتی، جو امریکیوں کی گاڑی سے مارا گیا تھا حالانکہ ان گاڑی والوں کی بھی نشاندہی ہو چکی ہے اور یہ عین ممکن ہے کہ وہ ملک چھوڑ کے جا چکے ہوں۔
میں یہ کہتا ہوں کہ تیسرے پاکستانی کے ہلاک کرنے اور چھوڑنے کا ذمہ دار کون ہے اور انہیں یہ کس نے رعایت دی کہ وہ ملک چھوڑ کے چلے جائیں۔ میری لاہور ہائی کورٹ سے اپیل ہے کہ وہ ریمنڈ کے استثنیٰ کے معاملے کی سماعت کے موقع پر تیسرے پاکستانی کی ہلاکت، مارنے والوں اور ملک چھوڑنے کے بارے میں بھی نوٹس لیں۔ معاملہ عدالت میں ہے اور عدالت نے فیصلہ کرنا ہے کہ کون صحیح ہے اور کون غلط ہے اور یہ بھی سوال ہے کہ ریمنڈ عدالت سے تعاون کیوں نہیں کر رہا ہے اور پاکستان کا ریمنڈ کے معاملے پر موقف کیا ہے۔ اس بار کے ذریعے میں ملک کی تمام بارز کو مطلع کرتا ہوں کہ میں اس ایشو پر وقت آنے پر بات کروں گا اور میں یہاں بلیم گیم کیلئے نہیں آیا ہوں۔
خبر کا کوڈ : 59523
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش