0
Wednesday 28 Dec 2016 15:26

پیپلز پارٹی اب چاروں صوبوں کی زنجیر نہیں رہی، نور لالہ

پیپلز پارٹی اب چاروں صوبوں کی زنجیر نہیں رہی، نور لالہ
 اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما نور لالہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھٹو شہید کی نظریاتی سیاست کو دفن کر دیا گیا ہے، جبکہ پیپلز پارٹی کو مفاد پرستوں نے ہائی جیک کر لیا ہے۔ پیپلز پارٹی اب چاروں صوبوں کی زنجیر نہیں رہی بلکہ صرف سندھ تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ 2018ء کے الیکشن میں خیبر پختونخوا کے لوگ پختون سیاستدانوں، پنجاب کے لوگ پنجابی سیاستدانوں، بلوچستان کے لوگ بلوچی سیاستدانوں اور سندھ کے لوگ سندھی سیاستدانوں کا ساتھ دیں گے۔ پیپلز پارٹی کے دور اقتدار میں صدر آصف علی زرداری اپنے اقتدار کو بچانے کے لئے پنجاب میں میاں محمد نواز شریف کے ہاتھ مضبوط کرتے رہے، جس سے پنجاب میں پیپلز پارٹی کے اندر مایوسی بڑھتی رہی اور پیپلز پارٹی کے کارکن نئے آشیانوں میں چلے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کے دور میں خیبر پختونخوا میں بھی کرپشن کی وجہ سے پیپلز پارٹی کا سیاسی جنازہ نکال دیا گیا، جس کی وجہ سے 2013ء کے الیکشن میں کارکنوں کی طرف سے پیپلز پارٹی کا ساتھ نہیں دیا گیا اور پیپلز پارٹی سکٹر کر صوبائی اسمبلی کی چارنشستوں تک محدود ہو کر رہ گئی۔ خیبر پختونخوا میں آفتاب احمد خان شیرپاو کی علیحدگی کے بعد پیپلز پارٹی صوبائی قیادت کے بحران سے دو چار ہوگئی۔ 1998ء کے بعد 2016ء تک پیپلز پارٹی کے 6 صوبائی صدور بدلنے کے باوجود صوبائی قیادت کے بحران کا خاتمہ نہیں کیا جا سکا۔ پیپلز پارٹی کی قیادت بھٹو ازم کو اپنانے روٹی کپڑا مکان اور غریبوں کی سیاست کو اپنانے کی بجائے اقتدار کے چکروں میں پڑ گئی ہے۔ پارٹی کارکنوں کو کھڈے لائن لگا دیا گیا ہے، اور مخصوص کو پارٹی پر مسلط کر دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے کارکنوں نے مایوس ہو کر پارٹی کی سرگرمیوں سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔
خبر کا کوڈ : 595304
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش