0
Thursday 29 Dec 2016 20:20

ایم کیو ایم پاکستان کے زیراہتمام نشتر پارک میں عظیم الشان جلسہ عام منعقد ہوگا

ایم کیو ایم پاکستان کے زیراہتمام نشتر پارک میں عظیم الشان جلسہ عام منعقد ہوگا
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیراہتمام 30 دسمبر 2016ء جمعہ کو نشتر پارک میں عظیم الشان اور تاریخی جلسہ عام منعقد ہوگا جس سے کنوینر ایم کیو ایم ڈاکٹر فاروق ستار، ڈپٹی کنوینر عامر خان اور دیگر اہم رہنما خطاب کریں گے اور مختلف برادریوں سمیت ملک کی سیاست کے حوالے سے اہم اعلانات کریں گے۔ جلسہ کے سلسلے میں کراچی کے مختلف علاقوں، چورنگیوں، چوراہوں پر بینرز آویزاں کردیئے گئے ہیں جبکہ جگہ جگہ ایم کیو ایم کے سہ رنگی پرچموں کی بہار دکھائی دے رہی ہے۔ جلسہ کے سلسلے میں ایم کیو ایم سینٹرل ایگزیکٹو کونسل، کراچی مضافاتی آرگنائزنگ کمیٹی اور دیگر شعبہ جات کے تحت شہر میں چھوٹی بڑی سینکڑوں کارنر میٹنگوں کا انعقاد کیا جاچکا ہے جن میں نوجوانوں، بزرگوں، خواتین اور طلبہ و طالبات سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور نشتر پارک میں جلسہ عام کے انعقاد کا زبردست خیر مقدم کرتے ہوئے اس میں اپنی بھرپور شرکت کی یقین دہانی کرائی۔ جلسہ عام کے سلسلے میں کنوینر ایم کیو ایم ڈاکٹر فاروق ستار، ڈپٹی کنوینر عامر خان نے بھی شہر کی مختلف برادریوں کے سرکردہ رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور مختلف علاقوں میں جاکر لوگوں میں پمفلٹ تقسیم کئے اور انہیں جلسہ میں شرکت کی دعوت دی۔ جلسہ عام کے سلسلے میں نشتر پارک، پی آئی بی کالونی کے چاروں اطراف کو ایم کیو ایم کے پرچموں سے سجا دیا گیا ہے اور مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپس قائم کردیئے گئے ہیں، جہاں ایم کیو ایم کے ترانے اور نغمے بجائے جارہے ہیں جن کی دھنوں پر عوام و کارکنان والہانہ رقص کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

جلسہ عام کے انعقاد کے حوالے سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کا جلسہ کراچی اور اس کے عوام سمیت تمام مظلوم قومیتوں کے حقوق کا ضامن ثابت ہوگا اور اس دن واضح ہوجائے گا کہ ایم کیو ایم پاکستان بھرپور عوامی قوت رکھتی ہے اور اس کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے والے دراصل ایم کیو ایم کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نشتر پارک میں ہونے والا جلسہ انشاء اللہ تعالیٰ عوام کی بھرپور شرکت سے فقیدالمثال کامیابی حاصل کرے گا یہ جلسہ تمام افراد کو ملانے اور جڑنے کا سب سے بڑا سبب بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں جلسہ کے حوالے سے عوام ہوٹلوں، پارکوں، گلی اور محلوں میں تبصرے اور باتیں کررہے ہیں اور نشتر پارک کا جلسہ ہر خاص و عام کی زبان پر موضوع بحث بنا ہوا ہے۔
خبر کا کوڈ : 595684
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش