QR CodeQR Code

کراچی،خونی کھیل حکومتی سرپرستی میں چل رہا ہے، علما، ڈاکٹرز، طلبا، سیاسی کارکنان سمیت کسی کی بھی جان محفوظ نہیں، جماعت اسلامی

15 Mar 2011 09:13

اسلام ٹائمز:جماعت اسلامی کراچی کے ترجمان نے کہا ہے کہ کراچی میں امن پورے پاکستان کے مفاد میں ہے کیونکہ پورے ملک کی ترقی کا دارومدار کراچی میں امن و امان سے وابستہ ہے، معصوم شہریوں کے قتل کی ذمہ دار حکومت اور شریک اقتدار جماعتیں ہیں


کراچی:اسلام ٹائمز۔جماعت اسلامی کراچی کے ترجمان نے کہا ہے کہ شہر کراچی کو قاتلوں اور دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ تین دنوں میں 46 افراد کا قتل حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دامن پر بدنما داغ ہے۔ حالات اور واقعات اس بات کی گواہی دے رہے ہیں کہ یہ خونی کھیل حکومتی سرپرستی میں چل رہا ہے۔ معصوم شہریوں کے قتل کی ذمہ دار حکومت اور شریک اقتدار جماعتیں ہیں۔ اپنے ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ سازش کے تحت شہر کراچی کو آگ اور خون میں نہلایا جا رہا ہے، ہر چند دنوں کے بعد ٹارگٹ کلنگ اور بدامنی کی اٹھنے والی لہر پچاسوں معصوم شہریوں کی جان لے جاتی ہے۔ کراچی میں امن پورے پاکستان کے مفاد میں ہے کیونکہ پورے ملک کی ترقی کا دارومدار کراچی میں امن و امان سے وابستہ ہے۔
ترجمان نے کہا کہ تاجر، علما، ڈاکٹرز، طلبا، سیاسی کارکنان اور عام شہریوں سمیت کسی کی جان مال عزت آبرو محفوظ نہیں۔ شہر میں بڑی تعداد میں سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کے باوجود قتل عام لمحہ فکریہ اور حکمرانوں کی نااہلی کا ثبوت ہے، امن وامان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے سیاسی مصلحتوں کو پس پشت ڈالنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی تمام شاہراہوں، چورنگیوں، بازاروں اور گلی محلوں میں پولیس و رینجرز کی تعیناتی اور گشت کے باجود قاتلوں اور دہشت گردوں کا دن دیہاڑے قتل و غارت گری کرنا اور شہریوں کو خون میں نہلانا، اس بات کی چغلی کھا رہا ہے کہ ان دہشت گردوں کو سیاسی پشت پناہی حاصل ہے اور یہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گرفت سے باہر ہیں۔ تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ سیاسی مصلحتوں سے بالاتر ہو کر دہشت گردوں اور قاتلوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔


خبر کا کوڈ: 59574

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/59574/کراچی-خونی-کھیل-حکومتی-سرپرستی-میں-چل-رہا-ہے-علما-ڈاکٹرز-طلبا-سیاسی-کارکنان-سمیت-کسی-کی-بھی-جان-محفوظ-نہیں-جماعت-اسلامی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org