QR CodeQR Code

ہماری جماعت کی بنیاد فرقہ واریت پر نہیں، مولانا فضل الرحمان

31 Dec 2016 08:50

اسلام ٹائمز: نوشہرہ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ روایتی سیاست کرنے والوں پر مفادات کا غلبہ ہے اور کچھ نادیدہ قوتیں انتخابات کے نتائج تبدیل کردیتی ہیں اور یہی ہمارے راستے میں رکاوٹ ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ نادیدہ قوتیں انتخابات کے نتائج تبدیل کرتی ہیں اور یہی ہمارے راستے کی رکاوٹ ہیں۔ نوشہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ روایتی سیاست کرنے والوں پر مفادات کا غلبہ ہے اور کچھ نادیدہ قوتیں انتخابات کے نتائج تبدیل کر دیتی ہیں اور یہی ہمارے راستے میں رکاوٹ ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ  ہماری جماعت دوسری پارٹیوں کی طرح نہیں، ہماری نظر میں مفادات کی کوئی اہمیت نہیں، ہم ملک میں صرف قرآن و سنت کے نفاذ کے لئے سیاست کر رہے ہیں، ہماری جماعت کی بنیاد بھی فرقہ واریت پر نہیں، ہمارے دروازے ہر طبقے کے لئے کھلے ہیں، ہم اقلیتوں کے تحفظ کی بھی بات کرتے ہیں۔ سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ہم نے سیاسی عمل کے ذریعے آگے بڑھنا ہے، ملک میں تبدیلی آئین، قانون، شریعت پر عمل اور نظام کی اصلاح کی صورت میں آئے گی، جبکہ ریاست کے مفادات اور نظام کو مدنظر رکھنا بھی ضروری ہے، پاکستان کا آئین قانون کے تحت سیاست سے وابستہ ہے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ دنیا میں جو جنگ چل رہی ہے، اس کے ذریعے اسلام کے چہرے کو گرد آلود کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن ہمیں اسلام کا ترجمان بننا ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 595828

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/595828/ہماری-جماعت-کی-بنیاد-فرقہ-واریت-پر-نہیں-مولانا-فضل-الرحمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org