0
Sunday 1 Jan 2017 09:16

بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دے کرملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے،شہباز شریف

بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دے کرملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے،شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے سال نوء 2017 کی آمد پر اہل وطن کو خصوصی مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ 2016ء پاکستان اور پاکستانی قوم کیلئے کامیابیوں اور کامرانیوں کا سال ثابت ہوا، گزشتہ برس پاکستان نے کئی شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھائی، بین الاقوامی سطح پر بھی دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کامیابیوں کیساتھ معاشی استحکام کو سراہا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ کرپشن کیخلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے نتیجہ خیز اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں، شفافیت، رفتار اور معیار کیساتھ منصوبوں کو آگے بڑھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی و عسکری قیادت نے مل کر 2016 میں مستحکم، پرامن، محفوظ اور معاشی طور پر مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھی۔

شہباز شریف نے کہا کہ قوم کے غیرمتزلزل عزم اور اتحاد سے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں شاندار کامیابیاں حاصل ہوئیں، ہمارے مخلص اور بااعتماد دوست چین کی جانب سے دیئے گئے عظیم الشان اقتصادی پیکج پر عملدرآمد سے پاکستان معاشی وسماجی طور پر مضبوط ہو رہا ہے، سی پیک پاکستان کیلئےحقیقی معنوں میں گیم چینجر ثابت ہو رہا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ 2017 سی پیک کے منصوبوں کی تکمیل کا سال ہوگا، آج کا پاکستان گزشتہ برس کے مقابلےمیں زیادہ مضبوط، پُرامن اور ترقی یافتہ ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ 2017ء پاکستان کی ترقی، خوشحالی، معیشت کی مضبوطی اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کا سال ہے،2017ء میں توانائی منصوبے مکمل ہوں گے اور ملک سے اندھیرے چھٹ جائیں گے، نیا سال روشن مستقبل، مضبوط معیشت، ترقی کی نوید اور اُمید بن کر طلوع ہوا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ چیلنجز سے زیادہ بلند ہمارا عزم ہے، 2017ء پاکستانی قوم کیلئے روشنی اور امید کی کرن لائے گا، ہمیں سال 2016ء کو الوداع اور نئے سال کو خوش آمدید کہتے ہوئے اپنی کامیابیوں اور ناکامیوں کا بھی جائزہ لینا ہوگا، مشکل حالات سے گزرنے اور ماضی کی کوتاہیوں سے سبق سیکھ کر مستقبل میں اصلاح کے عزم کیساتھ آگے بڑھنا ہے، ہمیں اس عزم کے اعادہ کرنا ہے کہ پاکستان کو خوشحال بنانے کیلئے تمام ترصلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی رواداری اور تحمل، ایثار اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دے کر ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ دعا ہے کہ2017 تمام اہل وطن کیلئے سماجی و معاشی ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہو۔
خبر کا کوڈ : 596129
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش