0
Sunday 1 Jan 2017 18:23

ضیاءالحق کا جھوٹ بے نقاب، روس پاکستان پر قبضہ نہیں کرنا چاہتا تھا، خصوصی ایلچی روسی صدر

ضیاءالحق کا جھوٹ بے نقاب، روس پاکستان پر قبضہ نہیں کرنا چاہتا تھا، خصوصی ایلچی روسی صدر
اسلام ٹائمز۔ سابق آمر جنرل ضیاءالحق کا جھوٹ کہ "روس پاکستان کے گرم پانیوں پر قبضہ کرنا چاہتا تھا، اپنی بقا کیلئے مجاہدین کو تیار کیا" بے نقاب ہوگیا۔ روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کے خصوصی ایلچی برائے افغانستان و وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر ضمیر قبولوف نے کہا ہے کہ جس وقت افغان جنگ شروع ہوئی، اس وقت میں ایک جونیئر سفارتکار تھا اور یہ کہنا غلط ہوگا کہ روس پاکستان پر قبضہ کرنا چاہتا تھا، کیونکہ روس کو اندازہ تھا کہ پاکستان جوہری ملک بن چکا ہے، لہٰذا قبضہ یا حملہ کرنے کے کیا نقصانات ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ میں بھی بات چیت کے دوران میں نے کسی کو یہ کہتے نہیں سنا کہ پاکستان پر قبضہ کرنا یا کنٹرول حاصل کرنا ہے، بات چیت میں صرف یہی آراء پیش کی جاتی تھیں کہ پاکستان میں اگر روس مخالف کوئی اڈہ ہو تو اسے کیسے ختم کیا جانا چاہئے، لیکن کنٹرول کے متعلق بات نہیں سنی۔ ایک سوال کہ عالمی کھلاڑیوں کی مرضی کے بغیر پاکستان جوہری طاقت کیسے بنا، کے جواب میں ضمیر قبولوف نے کہا کہ یقینی طور پر روس پاکستان کا دوست ملک نہیں تھا، لیکن اس وقت امریکا، چین اور کئی دیگر ممالک پاکستان کے دوست تھے، ممکن ہے کہ ان میں سے کسی نے پاکستان کی مدد کی اور وہ جوہری صلاحیت کا حامل ملک بن گیا۔

یاد رہے کہ جنرل ضیاء الحق نے افغانستان کو بچانے اور سوویت یونین کو توڑنے کیلئے امریکہ کے آلہ کار کے طور پر یہ ٹاسک قبول کر لیا تھا۔ ضیاء الحق نے جہاد کے نام پر ہزاروں نوجوانوں کو بھرتی کرکے جنگ کی آگ میں جھونک دیا تھا۔ ضیاء الحق نے اس جھوٹ کا سہارا لیا تھا کہ روس پاکستان پر قبضہ کرنا چاہتا ہے، جبکہ اب روس کی جانب سے اس بات کی تردید سامنے آنے پر ضیاء الحق کا جھوٹ بے نقاب ہوچکا ہے۔ اس جھوٹ کی بدولت پاکستان کو ہیروئن اور کلاشنکوف کلچر ملا، جس سے پاکستان میں دہشتگردی در آئی اور ضیاء الحق کی بوئی ہوئی کانٹے دار فصل آج تک نئی نسل کاٹ رہی ہے۔ اس حوالے سے ہیلری کلنٹن بھی اعتراف کرچکی ہیں کہ طالبان کو امریکہ نے اپنے مقاصد کے حصول کیلئے بنایا تھا۔ یہ حقائق بے نقاب ہونے کے بعد عوامی سطح پر یہ سوال پایا جاتا ہے کہ اس جنگ کا نوالہ بننے والے پاکستانی نوجوانوں کی قربانی کس کھاتے میں گئی؟ آیا امریکہ کیلئے قربان ہونیوالے نوجوان "اسلامی مجاہد" تھے یا ان کی زندگی بے خبری میں ہی برباد ہو گئی؟؟
خبر کا کوڈ : 596239
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش